رواں سال 2023 کے دوران سونے کی قیمت ریکارڈ بلندی پر پہنچ گئی اور اب سرمایہ کار اس بات پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں کہ 2024 کیا صورتحال لے کر آئے گا۔
اس حوالے سے ورلڈ گولڈ کونسل نے سال 2024 میں سونے کی قیمتوں کا آؤٹ لُک جاری کردیا ہے جس میں مستقبل کے رجحانات سے متعلق تین ممکنہ منظرنامے پیش کیے گئے ہیں۔
بین الاقوامی سطح پر سونے کی قیمت میں سال 2022 کے دوران کمی رہی، اکتوبر 2022 میں تقریباً 1650 ڈالر فی اونس تک گر گئی تھی۔ نومبر 2020 میں قیمتوں نے پرواز جاری رکھی اور اپریل 2023 میں 2ہزار ڈالر کا نشان عبور کرلیا۔
سونے کی قیمتیں پورے 2023 میں 2ہزار ڈالر کے لگ بھگ رہیں جس نے لوگوں کو اس قیمتی دھات میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کیا۔
پاکستان میں روپے کے مقابلے امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ سے سونے کی قیمت میں بہت زیادہ اضافہ سامنے آیا۔
سونے کی صنعت میں سب سے زیادہ بااثر تنظیم ”ورلڈ گولڈ کونسل“ نے اپنے 2024 کے آؤٹ لک میں اگلے سال سونے کی قیمتوں کے لیے تین منظرنامے پیش کیے ہیں۔
ڈبلیو جی سی کی رپورٹ میں تنظیم نے سونے کی متوقع مانگ کو امریکی معیشت کی کارکردگی اور 2024 میں کئی ممالک میں ہونے والے انتخابات سے جوڑا ہے۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق 45 سے 65 فیصد امکان ہے کہ 2024 میں امریکی معیشت سست روی یا ’سافٹ لینڈنگ‘ کا تجربہ کرے گی۔ اگر ایسا ہوا تو سونے کی مانگ ’الٹرا پوٹینشل کے ساتھ فلیٹ‘ ہوگی۔ اس کا مطلب ہے کہ سونے کی قیمتوں میں قدرے اضافہ ہوگا۔
پچیس سے پچپن فیصد امکانی شرح کے ساتھ دوسرا امکان یہ بھی ہے کہ امریکی معیشت میں نمایاں سست روی یا ’ہارڈ لینڈنگ‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس منظر نامے میں سونے کی مانگ بڑھے گی اور قیمتیں بڑھیں گی۔
ڈبلیو جی سی کا کہنا ہے کہ ’مرکزی بینک کی مسلسل خریداری کے ساتھ مل کر کئی بڑی معیشتوں کے لیے اہم انتخابی سال میں جغرافیائی سیاسی تناؤ کی بلندی سونے کے لیے اضافی مدد فراہم کر سکتی ہے۔‘
ڈبلیو جی سی نے 5 سے 10 فیصد امکانی شرح کے ساتھ تیسرا منظرنامہ بھی پیش کیا ہے، جس میں یہ تجویز کیا گیا ہے کہ امریکی معیشت کسی بھی طرح کی سست روی کا تجربہ نہیں کرے گی۔
اگر ایسا ہوا تو قیمتوں پر منفی دباؤ کے ساتھ سونے کی مانگ فلیٹ رہے گی۔ اس کا مطلب ہے کہ قیمتیں کم ہوں گی۔ تاہم، کم امکانی شرح کے ساتھ ایسا ہونے کا امکان نہیں ہے۔
ورلڈ گولڈ کونسل کا کہنا ہے کہ عالمی کساد بازاری کا بھی امکان ہے اور یہ ’بہت سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرے گا کہ وہ پورٹ فولیوز میں سونے جیسے متاثر کن ہیجز رکھیں‘۔ لہٰذا، سال 2024 میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے امکانات ہیں۔