حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے اضافے کا اعلان

اسحاق ڈار فائل فوٹو اسحاق ڈار

حکومت نے پھر عوام پر پٹرول بم گرادیا، حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا۔ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ان کی قیمتوں کا اطلاق آج سے کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18، 18 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی جانب سے کیا گیا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کی خبریں سامنے آئیں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 11 فیصد تک کا اضافہ ہوا، ہمیں ان سب چیزوں کو سامنے رکھنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر تک اضافے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، پچھلے 4 ماہ میں ایک بار بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کو نہیں بڑھایا گیا بلکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 20 روپے تک کی کمی کی گئی جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 29 اور 30 روپے کی کمی کی گئی۔

ان کا کہنا تھا اوگرا کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کو ختم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ روپے کی قدر کے اعداد و شمار کو مد نظر رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 18، 18 روپے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان آج صبح 11 بجے سے ہو گا۔

install suchtv android app on google app store