ایک دن میں 3 لاکھ کے قریب کیسز رپورٹ، بھارت میں کورونا سے صورتحال بگڑ گئی

کورونا وائرس فائل فوٹو کورونا وائرس

بھارت میں کورونا وائرس کے روزانہ کی بنیاد پر ریکارڈ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور اب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تین لاکھ کے قریب کیسز سامنے آئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا کیسز سامنے آنے کا نیا ریکارڈ بنا ہے جس میں 2 لاکھ 95 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو وبا کے آغاز سے اب تک ایک روز میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2023 اموات بھی ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں مسلسل ساتویں روز دو لاکھ سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے کل کیسز کی تعداد ایک کروڑ 56 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جب کہ اموات ایک لاکھ 82 ہزار 500 سے زائد ہیں، اس طرح بھارت امریکا کے بعد دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب میں ملک میں کورونا کی انتہائی بدتر صورتحال کے باوجود ریاستوں کو لاک ڈاؤن کو آخری آپشن کے طور پر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

بھارت میں ریاست مہاراشٹرا کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں منگل کے روز 62 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے اور 519 اموات ہوئیں جس سے ریاست میں کل کیسز کی تعداد 39 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے۔

مہاراشٹرا کے بعد کیرالا، کرناٹکا، تامل ناڈو اور ریاست آندھرا پردیش بری طرح کورونا کی لپیٹ میں ہیں۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں منگل کے روز 28 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے جو وبا کے آغاز سے اب تک ایک روز میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

install suchtv android app on google app store