اسٹاک ہوم سویڈن کے ایک قصبے میں رات کو اچانک آسمان کا رنگ جامنی ہو گیا، جسے دیکھ کر شہری حیرت زدہ ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق سویڈن کے جنوبی ساحل پر واقع قصبے ٹریلبورگ میں رات کو اچانک آسمان نے عجیب رنگ بدلا، مقامی لوگ گہرے جامنی رنگ کے آسمان کو دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے۔
رپورٹس کے مطابق جیسے جیسے رات ہوتی گئی، آسمان نے رنگ بدلنا شروع کر دیا، جسے دیکھ کر علاقے کے رہائشی اس کی طرف متوجہ ہو گئے۔
معلوم ہوا کہ یہ سب کیا دھرا ٹماٹر کے ایک فارم کا ہے، علاقے میں موجود ملک کے سب سے بڑے ٹومیٹو فارمز میں سے ایک میں توانائی کی بچت والا LED لائٹنگ سسٹم نصب کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے آسمان کا رنگ جامنی ہو گیا۔
بتایا گیا کہ یہ روشنی پودوں کے لیے مفید ہوتی ہے، تاہم مقامی لوگوں نے تیز روشنی کی شکایت کی کہ رات کو ان کے گھروں پر آسمان چمک رہا تھا۔ جس پر آپریٹرز نے شام 5 بجے سے رات 11 بجے تک روشنیاں بند کرنا شروع کیں۔