کورونا وائرس سے بچاؤ، سعودی حکومت نے شہریوں کے لیے ہدایات جاری کردیں

سعودی عرب فائل فوٹو سعودی عرب

سعودی حکومت نے شہریوں کو ہدایات دی ہیں کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو کیسز میں اضافہ ہوجائے گا۔

 سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب گذشتہ عرصے کے دوران کورونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کے لیے مقرر تدابیر کی پابندی کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر صحت نے نئے کورونا وائرس کی تازہ صورت حال کے حوالے سے کہا کہ ان دنوں دنیا کے متعدد ملکوں میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آئی ہوئی ہے، متاثرہ ممالک حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد میں بے پروائی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

توفیق الربیعہ نے خبردار کیا کہ اگر سعودی عرب میں وبا سے تحفظ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کی پابندی میں بے پروائی برتی گئی تو یہاں آئندہ ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز بڑھ جائیں گے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق وزیر صحت نے کہا کہ سعودی عرب دنیا بھر میں کورونا ویکسین کے حصول کے لیے جاری جدوجہد اور تحقیق پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ سعودی عرب کورونا ویکسین تیار ہوتے ہی اپنے یہاں مہیا کرے گا۔

وزارت صحت کے مشیر اور کنگ سعود یونیورسٹی فار ہیلتھ سائنس میں معاون پروفیسر ڈاکٹر ناصر توفیق نے خبردار کیا کہ کورونا کی دوسری لہر پہلی لہر سے زیادہ خطرناک اور سخت ہوگی، انفلوئنزا اور نئے کورونا وائرس میں فرق صرف ٹیسٹ کے ذریعے ہی ممکن ہوگا۔

install suchtv android app on google app store