شارجہ کی رہائشی عمارت میں آتشزدگی، کئی افراد زخمی ہو گئے

 آتشزدگی فائل فوٹو آتشزدگی

متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ کے علاقے النہدہ کی 48 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔

آگ لگنے کے بعد ریسکیو اداروں نے عمارت کو خالی کرالیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے آگ پر کسی حد تک قابو پالیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کے باعث قریبی عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے کیوں کہ آگ کا دھواں قریبی عمارتوں کے رہائشیوں کو بھی متاثر کررہا ہے۔

شارجہ پولیس کا کہنا ہے کہ 48 منزلہ رہائشی عمارت ابکوٹاور میں آتشزدگی ممنوعہ کلیڈنگ شیٹس کی وجہ سے تیزی سے پھیلی جو عمارت کے بیرونی حصے میں خوبصورتی کے لیے لگائی جاتی ہیں۔

آپریشن روم کے قائمقام ڈائریکٹر اور شارجہ پولیس کے محکمہ فارنسک کے ڈائریکٹر جنرل، بریگیڈیئر احمد الرسکل نے بتایا کہ النہدہ آگ کی ابتدائی تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ ممنوعہ کلیڈنگ شیٹس ٹاور کے اگلے حصہ میں استعمال ہوئی تھی جس کے سبب آگ تیزی سے پھیلی، آتشزدگی کے واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

بریگیڈیئر السرکل نے کہا کہ ایلومینیم کمپوزٹ کلیڈنگ شیٹس کے استعمال پر شارجہ میں 2017 سے پابندی عائد ہے، پابندی اس لیے عائد کی تھی کہ 2015، 2016 اور 2017 میں بڑے پیمانے پر آگ پھیلنے کی وجہ یہی کلیڈنگ شیٹس بنی تھیں۔

واضح رہے کہ شارجہ میں واقعہ 48 منزلہ رہائشی عمارت ابکو ٹاور میں گزشتہ رات اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے کئی فلورز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ آتشزدگی کے نتیجے میں 7 افراد معمولی زخمی ہوئے۔

آتشزدگی کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو عملے کی جانب سے عمارت کے اندر موجود 250 فیملیز کو ریسکیو کیا گیا۔

install suchtv android app on google app store