غیر ملکی سفیر چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، میکسیکو کے سفیر 10 ڈالر کی کتاب چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار۔
ارجنٹائن میں تعینات میکسیکو کے سفیر آسکر ریکارڈو والیرو صرف 10 ڈالر مالیت کی کتاب چوری کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے کی زد میں آ گئے اور دھر لیے گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ارجنٹائن میں تعینات میکسیکو کے 76 سالہ سفیر بیونس آئرس کے مقبول زمانہ کتاب گھر ’ایل اتینیو‘ سے ایک ایسی کتاب چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے جس کی قیمت محض 10 امریکی ڈالر تھی۔ سفیر آسکر ریکارڈو کو اس حرکت پر فوری طور پر واپس بلا لیا گیا ہے جہاں ایک تفتیشی ٹیم ان سے پوچھ گچھ کرے گی۔
Estos son los videos del escándalo diplomático ¿del año? Quien se ve en imagen es el embajador mexicano en Argentina, Oscar Ricardo Valero Recio Becerra, llevando sin pagar un libro de El Ateneo Grand Splendid y tomado por las cámaras de seguridad de la librería. pic.twitter.com/65grTmJ3lO
— Juan M. Lombardero (@LombarderoJM) December 9, 2019
میکسیکو کے وزیر خارجہ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اگر کتاب چوری کرنے کا جرم ثابت ہوجاتا ہے تو سفیر کو فوری طور پر ملازمت سے سبک دوش کردیا جائے گا، شفاف تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، بد دیانتی ناقابل برداشت ہے اور کسی کو بھی اس کی اجازت نہیں دی جاسکے گی۔ میکسیکو کے صدر نے بھی اس عمل کو ملک کیلیے شرم اور بد نامی کا باعث قرار دیا۔
قبل ازیں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر ہوئی تھی جس میں سفیر کو بک شیلف سے کتاب اُٹھا کر ایک اخبار میں لپیٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، سفیر بنا قیمت دیئے بک اسٹور سے باہر نکل آتے ہیں۔ جس پر عملے نے انہیں روک لیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔
بعد ازاں حقیقت کا اداراک ہوا کہ چور کوئی معمولی شخص نہیں بلکہ ایک ملک کا سفیر ہے، عمر رسیدہ سفیر کا شمار میکسیکو کے امیر ترین بااثر افراد میں ہوتا ہے۔