نیوزی لینڈ کے جنگلات میں بدترین آگ پھیل گئی

نیوزی لینڈ کے جنگلات میں بدترین آگ فائل فوٹو نیوزی لینڈ کے جنگلات میں بدترین آگ

نیوزی لینڈ کے علاقے ساؤتھ آئس لینڈ میں جنگلات بدترین آگ کی لپیٹ میں آگئے ہیں جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد وہاں سے نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر نیلسن میں 6 روز قبل آگ لگی تھی جو اب ویکفیلڈ تک پھیل گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اور ضلع تسمان سے تقریباً 3 ہزار افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے مذکورہ علاقےمیں سخت آندھی کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس کے باعث یہ دن آگ کے حوالے سے انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے۔

وزیراعظم جیسینڈا آرڈیرن کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ ‘موسم اس حوالے سے اچھا کردار ادا کرے گا’۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ میں 1955 میں لگنے والی آگ کے بعد اس کو بدترین قرار دیا جارہا ہے۔

نیلسن سے رکن اسمبلی نک استمھ کا کہنا تھا کہ پورا خطہ ‘آتش دان’ بن چکا ہے اور یہاں کے 70 ہزار رہائشی خطرے میں ہیں۔

آگ بجھانے کے لیے 23 ہیلی کاپٹر اور دو جہازوں کو مقرر کیا گیا جبکہ دو روز بعد بارش کی پیش گوئی ہے جس سے آگ بجھانے میں آسانی ہوگی۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں اس طرح کی آگ غیر معمولی ہے اور مقامی میڈیا نے اس کو گزشتہ 50 برس کےدوران بدترین آگ قرار دیا۔

نیوزی لینڈ کے پڑوسی ملک آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں اور بڑے پیمانے پر نقصانات بھی ہوئے ہیں۔

امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں نومبر 2018 میں بدترین آگ سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے تھے اور جنگلات تباہ ہوگئے تھے اور درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

install suchtv android app on google app store