افغانستان: فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5 افراد ہلاک

افغانستان: فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ فائل فوٹو افغانستان: فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

مغربی افغانستان میں فوجی ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں فوجی اہلکاروں سمیت عملے کے تمام افراد ہلاک ہوگئے۔

افغان وزارت دفاع کے ترجمان غفور احمد جاوید کا کہنا تھا کہ فراہ صوبے کے ضلع خاکی سفد میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران فوجی ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی، جس کی وجہ سے 2 پائیلٹ، 2 نشانے باز اور ایک انجنیئر موقع پر ہی ہلاک ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ ’اس واقعے میں 5 افراد ہلاک ہوئے جبکہ ہیلی کاپٹر اس وقت تباہ ہوا جب وہ ہیرات سے فراہ کی طرف آرہا تھا‘۔

اس حوالے سے صوبے کے گورنر کے ترجمان محمد ناصر مہری کا کہنا تھا کہ تکنیکی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، تاہم گولہ بارود ہونے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں دشمن کے ملوث ہونے کا یقین نہیں ہے لیکن پھر بھی معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ فراہ صوبے کا زیادہ تر حصہ طالبان کے کنٹرول میں ہے اور خاص طور پر خاکی سفد ضلع پر بھی انہیں کا اثر ورسوخ ہے۔

علاوہ ازیں افغان شمالی صوبے پروان کے گورنر کے ترجمان واحیدہ شاہکار کے مطابق ہفتے کو سڑک کنارے نصب بم سے فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 4 انٹیلی جنس سروس کے اہلکار اور ایک عام شہری ہلاک ہوا۔

install suchtv android app on google app store