ایران کے ساتھ طے پانے والے مجوزہ معاہدے کے تحت تہران کو اہم اقتصادی اور سفارتی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں، جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس فائل فوٹو امریکی نائب صدر جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ طے پانے والے مجوزہ معاہدے کے تحت تہران کو اہم اقتصادی اور سفارتی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں، تاہم یہ فوائد صرف اسی صورت میں ملیں گے جب ایران اپنے طرزِ عمل میں بنیادی تبدیلی لائے گا۔

فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ مجوزہ معاہدہ تین بنیادی نکات پر مشتمل ہے۔ ان کے مطابق پہلی شرط یہ ہے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا، دوسری شرط آبنائے ہرمز کو عالمی بحری آمدورفت کے لیے کھلا رکھنا ہے، جبکہ تیسری شق ایران کو ممکنہ اقتصادی اور سفارتی فوائد فراہم کرنے سے متعلق ہے۔

امریکی نائب صدر نے کہا کہ اگر ایران دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت بند کر دے، جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کی بحالی کی حمایت ترک کر دے اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق رویہ اختیار کرے تو اسے حقیقی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔

جے ڈی وینس کے مطابق اگر ایران ان شرائط پر عمل نہیں کرتا تو اسے کسی قسم کا فائدہ نہیں ملے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس معاہدے کی صورت میں امریکا ہر حال میں فائدے کی پوزیشن میں رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن کی کوشش ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم ہو، عالمی توانائی کی ترسیل بحال رہے اور خطے میں طویل المدتی استحکام پیدا کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے فیصلے ہی طے کریں گے کہ اسے معاہدے کے فوائد ملتے ہیں یا نہیں ملتے ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store