امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے درست رویہ اختیار نہ کرنے پر وینزویلا پر دوبارہ حملے کی دھمکی دیدی۔ ائیرفورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو وینزویلا میں تیل اور دیگر وسائل تک مکمل رسائی حاصل ہونی چاہیے، وینزویلا نے درست رویہ اختیار نہ کیا تو امریکا دوسرا حملہ بھی کرے گا۔
امریکی صدر نے وینزویلا میں اقتدار سنبھالنے والی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز اور خطے کے دیگر ملکوں کو بھی دھمکیاں دیں اور کہا کہ ڈیلسی روڈریگز نے درست کام نہیں کیا تو مادورو سے بھی زیادہ بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
انہوں نے کیوبا سے متعلق سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کیوبا کی حکومت جلد خود ہی گرنے والی ہے، شاید فوجی مداخلت کی ضرورت نہ پڑے کیونکہ کیوبا کی آمدنی وینزویلا سے آتی تھی اور اب انہیں وہ بھی نہیں ملے گی۔
صدر ٹرمپ نےکہا کہ کولمبیا ایک بیمار شخص چلا رہا ہے جو کوکین بنانے اور اسے امریکا فروخت کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے لیکن وہ زیادہ عرصے تک ایسا نہیں کر پائےگا۔
ایک موقع پر صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ کولمبیا کے خلاف امریکی فوجی آپریشن کی بات کر رہے ہیں؟ جس پر صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ کولمبیا کی موجودہ حکومت کےخلاف امریکی فوجی کارروائی کا امکان کا سن کر انہیں اچھا لگا۔
امریکی صدر نے صحافیوں سےگفتگو کے دوران میکسیکو کو بھی خبردار کیا کہ میکسیکو نے اپنا نظام درست نہ کیا توامریکا کو کچھ نہ کچھ کرنا ہوگا۔