ہانگ کانگ کی رہائشی عمارتوں میں لگی آگ سے ہلاکتیں 128 تک جاپہنچیں

ہانگ کانگ کی رہائشی عمارتوں میں لگی آگ بجھادی گئی فائل فوٹو ہانگ کانگ کی رہائشی عمارتوں میں لگی آگ بجھادی گئی

ہانگ کانگ کے رہائشی کمپلیکس میں لگنے والی آگ پر 2 روز بعد قابو پالیا گیا ہے، حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 128 تک جاپہنچی ہے جبکہ اب بھی درجنوں افراد لاپتا ہیں، جمعہ کو اب بھی کئی لاپتا افراد کے اہلخانہ ہسپتالوں میں اپنے پیاروں کی تلاش میں سرگرداں رہے۔

خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق بدھ کی دوپہر ضلع تائی پو میں واقع وانگ فک کورٹ ہاؤسنگ اسٹیٹ میں آگ تیزی سے پھیلی، اور 36 منزلہ 8 عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور اس گنجان آباد کمپلیکس کو جلا کر تباہ کردیا۔

فائر سروسز نے کہا کہ تقریباً 40 گھنٹے بعد جمعہ کو صبح 10 بجکر 18 منٹ پر آگ تقریباً قابو پالیا گیا اور آگ بجھانے کا آپریشن ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔

حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آگ کیسے لگی، جس میں مرمت کے مرحلے سے گزرنے والی عمارت کے گرد لگے بانس اور پلاسٹک شیٹس کا جائزہ بھی شامل ہے، جو بڑے مرمتی کام کا حصہ ہے۔

امدادی کارکن متاثرہ عمارتوں میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کر رہے تھے اور لاشیں نکال رہے تھے، اے ایف پی کے ایک رپورٹر نے 15 منٹ میں 4 لاشیں دیکھیں، قریبی علاقے شاٹن میں واقع ایک مردہ خانہ میں گاڑیوں سے لاشیں اتاری گئیں، جہاں اہلخانہ دوپہر میں شناخت کے لیے آنے والے تھے۔

کئی لوگ اب بھی لاپتا ہیں، تاہم لاپتا افراد کی درست تعداد جمعرات کی صبح کے بعد اپ ڈیٹ نہیں ہوئی، جمعہ کو حکام نے کہا کہ 50 سے زائد افراد ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں 12 کی حالت تشویشناک جبکہ 28 کی سنگین ہے۔

شاٹن کے ایک ہسپتال میں 38 سالہ خاتون وانگ، اپنی بھابی اور بھابی کے جڑواں بچوں کو تلاش کررہی تھیں، لیکن انہوں نے نمناک آنکھوں کے ساتھ اے ایف پی کو بتایا کہ انہیں اپنے پیاروں کی کوئی خبر نہ ملی۔

انہوں نے کہاکہ ’ہم ابھی تک انہیں نہیں ڈھونڈ پائے، ہم مختلف ہسپتالوں میں جا کر دیکھ رہے ہیں کہ کہیں کوئی اچھی خبر تو نہیں ملتی‘، وانگ کے مطابق جڑواں بچوں سے آخری رابطہ بدھ کی دوپہر ہوا، جس وقت آگ کی اطلاع دی گئی تھی۔

77 سالہ عینی شاہد، موئی نے بتایا کہ ’ایک عمارت میں آگ لگی اور 15 منٹ سے بھی کم وقت میں یہ آگ دو اور عمارتوں تک پھیل گئی، یہ سب بہت تیزی سے سوا، سب کچھ سرخ شعلوں میں جل رہا تھا، سوچ کر ہی کانپ اٹھتا ہوں‘۔

 

install suchtv android app on google app store