جاپان کے شہر اوئیتا میں ایک شدید آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس خوفناک حادثے کے نتیجے میں 170 سے زائد عمارتیں تباہ ہو گئیں، جبکہ ایک شخص ابھی تک لاپتہ ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق، یہ آگ منگل کو شام تقریباً 5:40 بجے اوئیتا کے ساگانو سیکی علاقے میں بھڑکی اور چند لمحوں میں پورے علاقے میں پھیل گئی۔
فوری طور پر تقریباً 175 رہائشیوں کو ہنگامی شیلٹر منتقل کر دیا گیا۔
آگ نے نہ صرف رہائشی عمارتوں کو تباہ کیا بلکہ قریبی جنگلاتی اور پہاڑی علاقوں تک بھی پھیل گئی ہے۔ اب تک اسے مکمل طور پر قابو میں نہیں لایا جا سکا۔
ایریل فوٹیج میں گھروں کے ملبے اور اٹھتے ہوئے دھوئیں کے گہرے بادل دیکھے جا سکتے ہیں۔
اوئیتا کا یہ علاقہ اپنے مشہور "سیکی میکرل" مچھلی کی پیداوار کے لیے بھی جانا جاتا ہے، جس سے مقامی صنعت کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔ جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے ٹوئٹر کو بتایا کہ اوئیتا کے گورنر کی درخواست پر فوجی فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر بھی بھیجا گیا ہے تاکہ آگ پر قابو پایا جا سکے۔ شہریوں کی حفاظت اور ملبے سے بچاؤ کے کام جاری ہیں۔