مدینہ میں بس حادثہ، متعدد عمرہ زائرین جاں بحق

سعودی عرب کے شہر مدینہ کے قریب ایک بس اور ڈیزل ٹینکر کے تصادم میں کم از کم 42 افراد جاں بحق ہوگئے فائل فوٹو سعودی عرب کے شہر مدینہ کے قریب ایک بس اور ڈیزل ٹینکر کے تصادم میں کم از کم 42 افراد جاں بحق ہوگئے

سعودی عرب کے شہر مدینہ کے قریب ایک بس اور ڈیزل ٹینکر کے تصادم میں کم از کم 42 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق، بس میں سوار تمام افراد بھارتی عمرہ زائرین تھے، جن میں کچھ حیدرآباد کے رہائشی بھی شامل تھے۔

بھارتی ریاست تلنگانہ کی حکومت نے بتایا کہ وہ ریاض میں بھارتی سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں ہے۔

سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے نئی دہلی کے اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سفارت خانے کے حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور معاملے کو جلد از جلد حل کریں۔

واقعہ رات تقریباً 1 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا، جب مفریحات کے قریب بس ایک ڈیزل ٹینکر سے جا ٹکرائی۔

بس میں سوار زیادہ تر مسافر اس وقت سو رہے تھے، جس کی وجہ سے آگ لگنے کے بعد بچنے کے امکانات نہ کے برابر تھے۔

حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے کہا کہ حادثہ مکہ سے مدینہ جا رہی عمرہ بس میں پیش آیا اور اس میں 42 زائرین جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

اویسی نے بتایا کہ انہوں نے بھارتی سفارت خانے کے نائب چیف ابو ماتھن جارج سے رابطہ کیا، جنہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے کی تمام معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

اویسی نے مزید کہا کہ انہوں نے حیدرآباد کی دو ٹریول ایجنسیوں سے بھی رابطہ کیا اور تمام مسافروں کی تفصیلات ریاض کے سفارت خانے اور بھارتی خارجہ سیکرٹری کو فراہم کی ہیں۔

انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں بھارت واپس لائے اور اگر کوئی زخمی ہوا ہے تو اسے مناسب طبی امداد فراہم کی جائے۔

اسدالدین اویسی نے خاص طور پر وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف اور مدد فراہم کی جا سکے۔

ریسکیو ٹیموں نے حادثے کے مناظر کو ہولناک قرار دیا اور بتایا کہ بس مکمل طور پر جل چکی تھی، جس کی وجہ سے ہلاک شدگان کی شناخت انتہائی مشکل ہے۔

ایک شخص کے بچ جانے کی اطلاع ہے، تاہم اس کی حالت کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔

install suchtv android app on google app store