امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے جنگ بندی کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ وائٹ ہاؤس میں امریکی ٹیکنالوجی سیکٹر کے رہنماؤں کے ساتھ عشائیے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ مستقبل قریب میں پیوٹن سے براہ راست رابطہ کریں گے۔
اپنی بات چیت میں انہوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ ماضی میں وہ سات جنگیں رکوا چکے ہیں اور ابتدا میں انہیں یقین تھا کہ روس-یوکرین تنازع کا حل آسان ہوگا، تاہم یہ مسئلہ توقع سے کہیں زیادہ پیچیدہ ثابت ہوا ہے۔
ٹرمپ نے یورپی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ روسی تیل کی خریداری ترک کریں اور چین پر معاشی دباؤ بڑھائیں تاکہ یوکرین جنگ کے خاتمے کی کوششوں کو تقویت مل سکے۔
وائٹ ہاؤس حکام کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ نکات یوکرینی صدر اور یورپی قیادت کے ساتھ اجلاس کے دوران بھی اٹھائے۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ روس نے ایک سال میں یورپ کو ایندھن بیج کر ایک ارب یورو سے زائد رقم حاصل کی۔