چینی کوسٹ گارڈ کے جہاز تائیوان کی حدود میں داخل

چینی کوسٹ گارڈ کے جہاز تائیوان کی حدود میں داخل فائل فوٹو چینی کوسٹ گارڈ کے جہاز تائیوان کی حدود میں داخل

تائیوان نے لگاتار دوسرے دن اپنے پانیوں میں داخل ہونے والے چینی کوسٹ گارڈ کے جہازوں کو حدود میں داخل نہ ہونے کا انتباہ دیا ہے جہاں ان پانیوں میں جہازوں کے داخل ہونے سے خطے میں تناؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تائیوان کے کوسٹ گارڈ نے کہا کہ ہفتے کی صبح 4بجے چینی کوسٹ گارڈ کی کشتیاں تائیوان کے زیر کنٹرول کنمین جزیروں کے پانیوں میں داخل ہوئیں، اس موقع پر تائیوان کے حکام کی جانب سے انہیں وہاں سے جانے کے لیے کہا گیا لیکن اس کے باوجود وہ وہاں ایک گھنٹہ تک رکی رہیں۔

جزیرے کے سخت اعتراضات پر چین کا کہنا ہے کہ جمہوری طور پر چلنے والا تائیوان اس کا اپنا علاقہ ہے جہاں حالیہ برسوں میں اس نے تائیوان کے قریب فوجی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور فضائی دفاعی علاقوں میں تقریباً روزانہ کی بنیاد پر دراندازی کی جاتی ہے۔

تائیوان کے ساحلی محافظوں کی جانب سے ہفتے کے روز جاری کردہ فوٹیج کے مطابق تائیوان کے ایک اہلکار نے اپنے چینی ہم منصبوں کو ایک نشریاتی پیغام میں ریڈیو کے ذریعے کہا کہ آپ ہمارے ملک کے محدود پانیوں میں داخل ہو گئے ہیں، براہ مہربانی فوری طور پر مڑ جائیں۔

فوٹیج میں تائیوان کوسٹ گارڈ کی ایک کشتی کو قریب کے فاصلے پر دو چینی بحری جہازوں کی نقل و حرکت کا پیچھا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

تائیوان کے کوسٹ گارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام نے ٹریفک اور تحفظ کے عمل کو متاثر کیا ہے، بحری واقعات سے بچنے کے لیے ہم ان سے اس طرح کے طرز عمل کو نہ کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔

تائیوان کی سرکاری سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق چین کے ساحلی محافظوں نے جمعہ کے روز بھی کنمین جزائر کے قریب گشت کا آغاز کیا، تائیوان کی سرکاری سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق چین کی کوسٹ گارڈ کی چار کشتیوں کو تائیوان کے ہم منصبوں نے خبردار کیا تھا۔

پچھلے مہینے، چین کے ساحلی محافظوں نے کِنمین کے گرد باقاعدہ گشت اس وقت شروع کیا تھا جب ممنوعہ پانیوں میں داخل ہونے والے دو چینی باشندے تائیوان کے کوسٹ گارڈز سے بچ کر فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔

کنمین جزیرے کے قریب چینی مچھیروں کی ایک کشتی الٹنے کے بعد تائیوان نے چین کی درخواست پر جمعرات کو کوسٹ گارڈ کی کشتیاں امدادی مشن میں شامل ہونے کے لیے روانہ کی تھیں اور تائیوان کی حکومت نے تناؤ کے ماحول میں تائیوان اور چین کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

جمعہ کے روز، تائیوان نے آبنائے تائیوان کے شمالی سرے کے قریب تائیوان کے زیر کنٹرول ماتسو جزیرے کے پاس ایک چینی ماہی گیر کی تلاش میں مدد کے لیے چین کی درخواست پر کئی کشتیاں بھی بھیجی تھیں۔

تائیوان کے ایک سینئر سیکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ چین تائیوان کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک طرف مبہم پیغامات بھیج رہا ہے اور دوسری جانب سمندری واقعات و حادثات سے نمٹنے کے لیے تائی پے کی مدد بھی مانگ رہا ہے۔

اہلکار نے کہا کہ کنمین میں چینی کوسٹ گارڈ کے ان اقدام سے کسی قسم کے سیکیورٹی مسائل تو پیدا نہیں ہوئے لیکن ان حرکتوں نے وہاں کی صورت حال کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔

اہلکار نے کہا کہ ہمیں کچھ سمجھ نہیں آ رہا، ہم نے کل ان کے ماہی گیروں کو بچانے کی کوشش کی اور آج وہ ہم سے پوری قوت کے ساتھ لڑنے کے لیے تیار نظر آتے تھے۔

install suchtv android app on google app store