ڈھاکا میں ریسٹورنٹ میں آتشزدگی، 43 افراد جاں بحق

فائر سروس حکام نے بتایا کہ ڈھاکا میں معروف بریانی ریسٹورنٹ میں آگ بھڑک اٹھی، جو فوراً ہی دیگر منزلوں تک پھیل گئی۔ فائل فوٹو فائر سروس حکام نے بتایا کہ ڈھاکا میں معروف بریانی ریسٹورنٹ میں آگ بھڑک اٹھی، جو فوراً ہی دیگر منزلوں تک پھیل گئی۔

بنگلہ دیش کے ایک ریسٹورنٹ میں خوفناک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں کم ازکم 43 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی وزارت صحت نے بتایا کہ دارالحکومت ڈھاکا میں واقع ایک ریسٹورنٹ میں رات گئے اچانک آگ لگ گئی، جس نے 6 منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

فائر سروس حکام نے بتایا کہ ڈھاکا میں معروف بریانی ریسٹورنٹ میں آگ بھڑک اٹھی، جو فوراً ہی دیگر منزلوں تک پھیل گئی۔

وزیر صحت سمنتا لال سین ​​نے ڈھاکا میڈیکل کالج ہسپتال کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ کم از کم 43 افراد کی موت ہوئی ہے، جبکہ جھلسنے والے دیگر 22 افراد ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام 22 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

فائر سروس کے حکام نے بتایا کہ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا، 13 فائر فائٹنگ یونٹس نے 2 گھنٹے کی کوششوں کے بعد قابو پایا۔

زندہ بچ جانے والے محمد الطاف نے صحافیوں کو بتایا کہ ٹوٹی ہوئی کھڑکی سے آگ سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوا، مزید کہا کہ ان کے 2 ساتھی چل بسے۔

متاثرین کے لواحقین اپنے پیاروں کی لاشیں وصول کرنے کے لیے ہسپتال میں جمع ہوئے، جبکہ کچھ افراد کو ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے باہر سوگوار دیکھا گیا۔

ڈاکٹرز نے بتایا کہ بہت سے لوگ اس عمارت میں بچوں سمیت خاندان کے افراد کے ساتھ کھانا کھا رہے تھے، جبکہ ریسٹورنٹ کے ساتھ کپڑے اور موبائل فون کی کئی دکانیں ہیں، مزید کہا کہ زیادہ تر افراد کی موت دم گھٹنے سے ہوئی جبکہ متعدد عمارت سے چھلانگ لگانے کے دوران چل بسے۔

install suchtv android app on google app store