سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے عمرہ و حج پر آنے والے زائرین کو خوشخبری سناتے ہوئے نئی سہولتیں متعارف کرانے کی ترغیب دی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جدہ میں حج و عمرہ کانفرنس و نمائش کے ایک مباحثے کے دوران اُن کا کہنا تھا کہ بعض زائرین مکہ یا مدینہ میں نکاح پڑھانے کی خواہش رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خدمات فراہم کرنے والے ادارے انہیں یہ سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔ نجی فوٹو گرافرکا بندوبست کیا جاسکتا ہے۔ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ سمیت مملکت کے کسی بھی علاقے کے لیے سیاحتی پروگرام منظم کیے جاسکتے ہیں۔
زائرین کو سہولتوں کی فراہمی میں انفرادیت کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے تین ایوارڈز کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ منفرد خدمات کی حوصلہ افزائی کے لیے ترغیبات اہمیت رکھتی ہیں۔ ’نسک اعمال‘ ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
نتائج کا اعلان آئندہ حج کانفرنس میں کیا جائے گا۔’سب سے اچھے منصوبے پر دس لاکھ ریال، دوسرے بہترین منصوبے پر پانچ لاکھ اور تیسرے منصوبے پر ڈھائی لاکھ ریال کا انعام ہوگا۔
سعودی وزیر حج کا مزید کہنا تھا کہ ’سرمایہ کار مختلف حوالوں سے منفرد سہولتیں فراہم کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر رہائش سے حرم تک ویل چیئر کی سہولت دی جاسکتی ہیں، ٹورسٹ گائیڈز، طبی سہولتیں، موبائل فارمیسیاں، بچوں کی نرسریاں۔‘
سعودی وزیر نے کہا کہ ’عمرہ زائرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ سرمایہ کاروں کے لیے کافی کچھ کرنے کا ایک بڑا محرک ہے۔‘