غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری، دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے

  • اپ ڈیٹ:
غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری فوٹو: عالمی میڈیا غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری

نہتے فلسطینوں کی نسل کشی کے لیے غزہ میں اسرائیل کی تباہ کن بمباری شدت کے ساتھ جاری ہے، اسرائیل نے فلسطینوں کیخلاف وائٹ فاسفورس کا استعمال کیا۔ اسرائیل غزہ کی پٹی پر بڑے پیمانے پر فضائی، زمینی اور سمندری حملے کررہا ہے۔ اسرائیل کی تباہ کن بمباری سے فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد ساڑھے 7 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔

غزہ پراسرائیلی بمباری سے مزید 300 فلسطینی شہید ہوگئے، اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی کے 53 اہلکاروں سمیت شہدا کی مجموعی تعداد ساڑھے 7 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔

اقوام متحدہ کے ریلیف ایجنسی کے 15 اہلکار صرف ایک ہی روز میں مارے جا چکے ہیں، جبکہ اب تک مجموعی طور پر 21 ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیلی حملوں میں زخمی ہوچکے ہیں۔

غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں کے باعث مختلف مقامات پر دھماکوں کی گونج سنائی دے رہی ہے جبکہ کئی مقامات پر آگ بھڑکنے کے سبب دھوئیں کے بادل آسمان کی جانب بڑھتے نظر آرہے ہیں۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے بیان میں کہا ہے کہ اس کے جنگجوؤں کی اسرائیلی فوج کے ساتھ شمال مشرقی غزہ کے قصبے بیت حنون اور وسطی پٹی میں بریج میں جھڑپیں ہوئی ہیں۔ اسرائیل کیخلاف جوابی کارروائی میں راکٹ حملے کیے گئے۔

غزہ میں اسرائیلی کی جانب سے انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی رابطے بند کیے جانے کے بعد غزہ کا دنیا سے رابطہ بدستور منقطع ہے۔

اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے اسرائیل کے غزہ پر زمینی حملوں کے حوالے سے خبردار کیا ہے کہ وہاں مزید ہزاروں افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ پر قبضے کے 56 کی روشنی میں اب تک جس طرح فوجی کارروائیاں کی گئی ہیں، اس پر میں مزید بڑے بحران کا انتباہ دے رہا ہوں، اسرائیل کی غزہ پر زمینی کارروائی سے انتہائی برے نتائج ہوں گے اور مزید ہزاروں افراد کی اموات کا خدشہ ہے۔

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ہزاروں افراد نے فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالی اور برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں جنگ بندی کی جائے جبکہ اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی پر رات کو بدترین حملے کیے۔

احتجاج کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد ریلی میں شریک ہے، جس کا انتظام فلسطین یک جہتی مہم نے کیا تھا، ریلی کا اختتام برطانوی وزیراعظم رشی سوناک کے دفتر ڈاوننگ اسٹریٹ سے گزرنے کے بعد پارلیمنٹ کے باہر ہوا۔

کینیڈا کی کنکورڈیا یونیورسٹی میں طلبہ نے غزہ پر اسرائیلی بمباری پر تنقید کی اور غزہ کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا۔ طلبہ نے مونٹریال میں واقع کنکورڈیا یونیورسٹی میں دھرنے دیا۔

امریکی شہر نیویارک میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف شہریوں نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے فلسطینیوں کے حق میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں ہزاروں فلسطینیوں نے غزہ کے حق میں مظاہرہ کیا اور حماس کے لیے اپنے تعاون کا اظہار کیا۔

install suchtv android app on google app store