بھارت میں ایک خاتون نے شادی سے انکار پر اپنے سوتے ہوئے دوست کو کلہاڑی کے وار سے قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے کولہوا گاؤں میں پیش آیا جہاں خاتون شادی سے انکار پر دلبردشتہ ہوگئی اور اس نے سنگین قدم اٹھایا۔
پولیس کے مطابق 20 سالہ خاتون کا نام انجلی کمار ہے اور اس کے دوست دھرمین کی عمر 24 سال تھی۔ انجلی کی جانب سے دھرمین کو شادی کیلئے رشتہ بھیجا گیا جس پر اس نے انکار کردیا۔
پولیس کے مطابق انجلی نے طیش میں آتے ہوئے دھرمین کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور اسے گاؤں کے جھاڑیوں بھرے علاقے میں بلایا جہاں وہ انجلی کا انتظار کرتے ہوئے زمین پر ہی سوگیا۔
پولیس کے مطابق موقع کی تلاش میں بیٹھی انجلی نے فائدہ اٹھاتے ہوئے دھرمین کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کردیا اور لاش کو جھاڑیوں میں ہی چھپا دیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مقامی لوگوں کی جانب سے لاش کی خبر پولیس کو دی گئی جس پر پولیس حرکت میں آئی اور اس نے کارروائی کرتے ہوئے انجلی کو گرفتار کرلیا۔