برازیلین شہری اور دنیا کے معمر ترین شخص جوز پولینو گومز اپنی 128 ویں سالگرہ سے چند روز قبل انتقال کرگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق معمر ترین شخص کی موت کی وجہ ان کے جسم کے کئی اعضا کا کام چھوڑنا بتائی گئی ہے۔
1917 میں جوز کے بننے والے میرج سرٹیفکیٹ کے مطابق جوز کی تاریخ پیدائش 4 اگست 1895 میں ہوئی، اپنی طویل عمری کے دوران جوز پولینو نے پہلے رگبی لیگ فٹبال گیم اور ایکسرے کی دریافت سمیت دنیا کے کئی تاریخی اور یادگار لمحات دیکھے۔
جوز کے قانونی مشیر ولیان جوز ڈی سوزا کا کہنا ہے کہ اگر جوز کے میرج سرٹیفکیٹ پر موجود تاریخ پیدائش درست ہے تو وہ اسپین کی ماریا برینیاس موریرا (جو کہ اس وقت گنیز بک ورلڈ ریکارڈ پر دنیا کی معمر ترین انسان کا ریکارڈ رکھنے والی خاتون ) کو بھی پیچھے چھوڑدیں گے۔
عالمی خبررساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق جوز پولینو کی 7 اولادیں ہیں جن سے ان کے 25 پوتا پوتی نواسا نواسی، 42 پرپوتا پرپوتی، پرنواسا پرنواسی ہیں جب کہ انہوں نے 85 سوگوران چھوڑے ہیں۔
جوز کی پوتی فیبیولا کے مطابق ان کے داداجوز پولینو 4 سال قبل تک گھڑسواری کیا کرتے تھے لیکن 4 سال قبل انہوں نے گھڑ سواری چھوڑدی تھی اور گزشتہ ایک ماہ سے وہ بیڈ ریسٹ پر تھے۔
فیبیولا کا کہنا تھا کہ ان کے دادا کے قانونی مشیر ولیان کی دستاویزات دیہی رسم و رواج کی وجہ سے غلط ہو سکتی ہیں لیکن ہمارے خاندان کو عمر کے بارے میں کوئی شک نہیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ پالینو گومز ایک صدی سے زائد عرصہ زندہ رہے۔
مزید برآں جوز پولینو کو معمر ترین شخص کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں تاحال شامل نہیں کیا گیا تھا۔