افغانستان کے صوبے ہرات میں مسافر بس میں دھماکا، 7 افراد جاں بحق، 9 زخمی

افغانستان کے صوبے ہرات میں مسافر بس میں دھماکا افغانستان افغانستان کے صوبے ہرات میں مسافر بس میں دھماکا

 

افغانستان کے مغربی شہر ہرات میں ہزارہ برادری کے اکثریتی علاقے میں منی بس میں بم دھماکے سے 4 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق صوبائی حکام نے بتایا کہ بم منی بس کے فیول ٹینک سے جوڑ دیا گیا تھا اور دھماکے میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔

ہرات کے صوبائی ہسپتال کے سربراہ عارف جلال نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں 4 خواتین بھی شامل ہیں۔

منی بس پر بم دھماکے کی ہرات کے انٹیلیجنس دفتر کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے۔

انٹیلیجنس دفتر کے ترجمان ثابت ہاروی کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے یہ دستی بم تھا اور مسافر بس کی فیول ٹینک سے جوڑ دیا گیا تھا۔

ہرات کی صوبائی پولیس اور محکمہ ثقافت نے بھی بم دھماکے کی تصدیق کی۔

بم دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے تسلیم نہیں کی۔

خیال رہے کہ افغانستان میں دو دہائیوں سے زائد عرصے تک جاری رہنے والی خانہ جنگی میں گزشتہ برس اگست میں طالبان کی واپسی کے بعد واضح کمی آئی ہے تاہم کابل اور دیگر شہروں میں اس طرح کے حملے ہوتے رہتے ہیں۔

ملک بھر میں ہونے والے اکثر دھماکوں کی ذمہ داری دہشت گرد گروپ داعش کی جانب سے قبول کی جاتی رہی ہے۔

 

install suchtv android app on google app store