کراچی میں سردی کی نئی لہر, پنجاب کے حوالے سے بھی بڑی خبر آگئی

کراچی میں شدید سردی فائل فوٹو کراچی میں شدید سردی

ملک میں شدید سردی پڑ رہی ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی شروع ہو گئی ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سویرے بوندا باندی سے سردی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، جن علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ہے ان میں سائٹ، بلدیہ، صدر، ہاکس بے، اورنگی ٹاؤن، ایف بی ایریا اور نارتھ کراچی شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں دن بھر مطلع جزوی ابر آلود اور سرد رہے گا، آج کم سے کم درجہ حرارت 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے، ہوائیں 34 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 41 فی صد ہے، کوئٹہ کی شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں سے سردی بڑھ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، نارووال، سیالکوٹ، راولپنڈی اور سرگودھا کے اضلاع میں بھی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

لاہور شہر میں دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، لاہور میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

ادھر کوئٹہ شہر اور گرد و نواح میں موسم سرما کی پہلی برف باری شروع ہو گئی ہے، صبح 5 بجے سے ہلکی برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

 

install suchtv android app on google app store