محکمہ موسمیات نے 16 مارچ سے ملک بھر کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کر دی .
پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، دیر لوئر، سوات، بونیر اور ملاکنڈ میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق کوہستان اپر، کوہستان لوئر، کولائی پالس، شانگلہ، بٹگرام اور تورغر میں بھی موسلادھار بارش کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور کرک میں بارش اور آندھی کے امکانات ہیں، ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی تیاریوں کی ہدایت کی گئی ہے، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور پشاور میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ کوہاٹ، ہنگو، بنوں اور لکی مروت میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور درجہ حرارت میں کمی کا امکان بتایا گیا ہے، ڈی آئی خان، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان اپر و لوئر میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے، پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام اضلاع کو ریسکیو ٹیمیں، مشینری اور ایمرجنسی سروسز الرٹ رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، سیاحوں اور مسافروں کو پہاڑی علاقوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے مقامات پر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔