اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کے لیے ایسا بہترین فیچر متعارف کرایا ہے جو آپ کو ضرور پسند آئے گا۔ اوپن اے آئی کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ میں ایک ٹرانسلیشن یا ترجمہ کرنے والے ٹول کا اضافہ کیا ہے، جس کا اپنا ایک ویب پیج ہے۔
اگرچہ اب بھی مرکزی چیٹ بوٹ کو مختلف زبانوں کے ترجمے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، مگر اب اس کے لیے ایک الگ سیکشن بھی مختص کر دیا گیا ہے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق چیٹ جی پی ٹی ٹرانسلیٹ نامی ٹول ٹیکسٹ، آڈیو ریکارڈنگ اور تصاویر میں موجود تحریروں کا ترجمہ اردو سمیت 50 سے زائد زبانوں میں چند سیکنڈوں میں کرسکتا ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق اس ٹول میں لینگوئج یا زبان کی آٹومیٹک ڈیٹیکشن کا فنکشن بھی موجود ہے۔
زیادہ اہم بات یہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی ٹرانسلیٹ مختلف سیاق و سباق اور انداز میں تحریر کو ترجمہ کرسکتا ہے، جو اے آئی ٹولز کے روایتی ترجمے سے ہٹ کر ہوتا ہے۔
ایک سنگل کلک پر وہ بزنس سے متعلق تحریر کا زیادہ ہموار اور آسان ترجمہ کرسکتا ہے یا تدریسی کاموں کے مطابق ڈھال سکتا ہے۔
اس ٹول کے ویب پیج کے مطابق چیٹ جی پی ٹی ٹرانسلیٹ محاوروں، سیاق و سباق اور تحریر کے انداز کو سمجھ سکتا ہے۔
اوپن اے آئی کی جانب سے اس نئے ٹول کے ذریعے گوگل ٹرانسلیٹ کو ٹکر دی جائے گی۔
گوگل ٹرانسلیٹ کو بھی اب جیمنائی پر مبنی اے آئی ٹیکنالوجی دستیاب ہے جو محاوروں اور اصطلاحات کو سمجھتی ہے۔
چیٹ جی پی ٹی کے ویب ورژن میں ابھی ٹرانسلیٹ ٹول کے لیے آڈیو ریکارڈنگ کو استعمال نہیں کیا جاسکتا، مگر موبائل ویب ورژن میں ایسا ممکن ہے۔
اسی طرح کمپنی کے مطابق یہ ٹول کسی تصویر میں موجود ٹیکسٹ کا ترجمہ بھی کرسکتا ہے مگر اس حوالے سے فوٹو اپ لوڈ کا آپشن موجود نہیں۔
ابھی چونکہ یہ ٹول ویب پیج کی شکل میں دستیاب ہے تو اسے آف لائن استعمال کرنا ممکن نہیں، اسی طرح رئیل ٹائم بات چیت کے ترجمے کی سپورٹ بھی دستیاب نہیں۔
کمپنی کی جانب سے اسے خاموشی سے متعارف کرایا گیا اور کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تو ایسا ممکن ہے کہ جلد اسے مزید بہتر کرکے باضابطہ طور پر متعارف کرایا جائے۔