گوگل نے اپنے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل جیمنائی میں اب تک کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ کی ہے۔
پرسنل انٹیلی جنس نامی اس اپ ڈیٹ کو متعارف کرا دیا گیا ہے اور یہ اے آئی کے شعبے میں ایک بہت بڑی پیشرفت قرار دی گئی ہے۔
اس نئے فیچر سے جیمنائی گوگل ایپس میں صارف کے ذاتی ڈیٹا کا تجزیہ کرکے آپ کے سوالات پر زیادہ تفصیلی جوابات فراہم کرسکے گا۔
پرسنل انٹیلی جنس کے ذریعے جیمنائی مختلف ایپس جیسے گوگل سرچ، جی میل، گوگل فوٹوز اور یوٹیوب تک رسائی حاصل کرکے صارف سے متعلق تفصیلات اکٹھی کرسکے گا۔
ویسے تو جیمنائی پہلے ہی ان ایپس میں موجود ہے تو پھر نئے فیچر میں کیا فرق ہے؟
اس کی وضاحت اس مثال سے ہوگی، تصور کریں کہ آپ جیمنائی سے گاڑی کے کسی مسئلے کے بارے میں پوچھتے ہیں اور اے آئی ٹیکنالوجی براہ راست کسی گوگل ایپ میں آپ کی خریداری تک رسائی حاصل کرکے یہ جانتی ہے کہ آپ کونسی گاڑی کے مالک ہیں، گوگل فوٹوز سے اس کی حالت دیکھ سکتی ہے اور یوٹیوب پر جاکر مسئلے کا حل بتا سکتی ہے۔
کمپنی کے مطابق پرسنل انٹیلی جنس سے جیمنائی ایک حقیقی اے آئی پرسنل اسسٹنٹ بن جائے گا۔
گوگل کے مطابق اس فیچر کو سب سے پہلے امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔
یہ فیچر گوگل اے آئی پرو اور اے آئی الٹرا سبسکرپشن پلانز کے صارفین کو دستیاب ہوگا۔
کمپنی نے بتایا کہ اس فیچر کو آنے والے مہینوں میں دیگر ممالک اور مفت صارفین تک توسیع دی جائے گی جبکہ گوگل سرچ کے اے آئی موڈ کا حصہ بھی بنایا جائے گا۔