واٹس ایپ میں انسٹا گرام جیسا ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
WABetaInfo کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس نئے فیچر سے صارفین کو اپنے ڈرافٹ محفوظ کرنے اور انہیں بعد میں مکمل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
یہ فیچر ابھی واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں محدود صارفین کو دستیاب ہے۔
واٹس ایپ نے کچھ عرصے قبل چیٹس کے لیے ڈرافٹ سیونگ ٹول کا اضافہ کیا تھا، جس سے صارفین ان چیٹس کی فوری شناخت کرسکتے ہیں جن میں کسی میسج کو تو تحریر کیا گیا مگر سینڈ نہیں کیا گیا۔
اب نیا ڈرافٹ فیچر اسٹیٹس کے لیے اس عمل کو زیادہ آسان بنا دے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ نیا آپشن اسٹیٹس ایڈیٹر میں نظر آیا ہے جہاں وہ اپنے ڈرافٹ کو محفوظ کرسکتے ہیں۔
اس کی بدولت بہت جلد صارفین نامکمل اسٹیٹس کو ڈرافٹ کے طور پر محفوظ کرسکیں گے، چاہے اب وہ ٹیکسٹ، اسٹیکر، اسٹیکرز یا فوٹو اسٹیٹس ہو، وہ اسے محفوظ کرکے بعد میں مکمل کرسکتے ہیں۔
انسٹا گرام کی طرح واٹس ایپ ایڈیٹر ونڈو میں بھی ڈرافٹ سیکشن نظر آئے گا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اسٹیٹس ایڈیٹر میں ایک نیا سیو بٹن دیا جا رہا ہے اور اس پر کلک کرکے صارفین اپنے نامکمل اسٹیٹس کو محفوظ کرسکیں گے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں سامنے آیا ہے، تو یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔