اسمارٹ فون کو چند منٹ میں تیز کیسے بنائیں؟جانیے آسان طریقے
اینڈرائیڈ فون وقت گزرنے کے ساتھ پرانا ہوجاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کی پرفارمنس متاثر ہوتی ہے مگر اچھی بات یہ ہے کہ ان مسائل کی روک تھام ممکن ہے۔
سب سے پہلے تو اپنے فون کی صفائی کا خیال رکھنا ضروری ہے کیونکہ گرد، مٹی اور دیگر کچرا چارجنگ پورٹس اور اسپیکرز میں اکٹھا ہوسکتا ہے۔
اس سے اسمارٹ فون کی زندگی مختصر ہوتی ہے۔
مگر فون کے اندر کی صفائی بھی ضروری ہے۔
ہوسکتا ہے کہ یقین کرنا مشکل ہو مگر صرف چند منٹ میں آپ اپنے اینڈرائیڈ فون کی پرفارمنس کو نیا جیسا بناسکتا ہے۔
ایسی ہی آسان ٹِرک کے بارے میں جانیں جو فون کی کارکردگی کو ٹھیک رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
استعمال نہ کی جانے والی تمام ایپس کو ڈیلیٹ کردیں
ہوم اسکرین یا ایپ drawer میں چند منٹ گزاریں اور ایسی تمام ایپس ڈیلیٹ کریں جن کو آپ استعمال نہیں کرتے۔
یہ ایپس نہ صرف فون کی قیمتی اسٹوریج کو بھرتی ہیں بلکہ ذاتی تفصیلات تک بھی رسائی حاصل کرسکتی ہیں۔
کسی ایپ کو کیسے ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے اس کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ وہ فون کس کمپنی کا تیار کردہ ہے اور یقیناً آپ کو اس کا طریقہ کار معلوم ہوگا۔
پرانی فائلز کی صفائی
پرانی ایپس کو ڈیلیٹ کرنے کے بعد اینڈرائیڈ فونز میں محفوظ فائلز کا بھی جائزہ لیں۔
فائلز کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد انہیں بھول جانا بہت آسان ہوتا ہے جیسے کسی دوست کی جانب سے بھیجی جانے والی ویڈیو فائل یا دیگر۔
ان فائلز کی تعداد میں وقت کے ساتھ اضافہ ہوتا ہے اور فون کی اسٹوریج بھرنے لگتی ہے۔
سب سے پہلے فون میں ڈاؤن لوڈ فولڈر کو چیک کریں اور پھر اس حوالے سے مختص دیگر فولڈرز کا جائزہ لیں، ضروری فائلز کو گوگل ڈرائیو میں منتقل کردیں جبکہ باقی سب کو ڈیلیٹ کردیں۔
ایپس cache کلیئر کریں
ہر اینڈرائیڈ ایپ عارضی فائلز کی ایک لائبریری بناتی ہے جن کو cache کہا جاتا ہے۔
ان فائلز کا مقصد ایپ کو زیادہ بہتر طریقے سے چلانے میں مدد فراہم کرنا ہوتا ہے اور مختصر المدت کے لیے یہ بہت مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
تاہم جب کسی ایپ کی cache فائلز بہت زیادہ ہو جائیں تو وہ بہت سست روی سے چلنے لگتی ہے، جبکہ فون کی اسٹوریج بھی متاثر ہوتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ایپ cache کو کلیئر کرنے سے ڈیوائس کی پرفارمنس بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
اس مقصد کے لیے سیٹنگز میں ایپس کے آپشن میں انفارمیشن پیج پر کلک کریں اور وہاں اسٹوریج اور پھر کلیئر cache کے آپشن کا انتخاب کریں۔
کچھ ایپس کی cache فائلز دیگر سے زیادہ ہوتی ہیں جیسے گوگل کروم یا مائیکرو سافٹ ایج کی ایسی عارضی فائلز کا حجم زیادہ ہوتا ہے جبکہ یوٹیوب اور ٹک ٹاک کی cache فائلز بھی بہت زیادہ ہوتی ہیں۔