انسٹا گرام میٹا کا مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے جسے روزانہ کروڑوں افراد استعمال کرتے ہیں۔ مگر انسٹا گرام پیسے کمانے کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔ درحقیقت متعدد افراد انسٹا گرام کے ذریعے اضافی آمدنی حاصل کرتے ہیں۔ مگر انسٹا گرام سے کمانے کے لیے آپ کے اکاؤنٹ پر کتنے فالوورز ہونا ضروری ہیں؟ اس کے لیے مختلف عناصر کو مدنظر رکھنا ضروری ہے جو اس پلیٹ فارم سے آمدنی کے حصول کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔
ویسے سادہ جواب تو یہ ہے کہ انسٹا گرام سے کمانے کے لیے بہت زیادہ فالوورز کی ضرورت نہیں بلکہ چند سو یا ایک ہزار فالوورز کے ساتھ بھی آپ اس پلیٹ فارم سے پیسے کمانا شروع کر سکتے ہیں۔ بس آپ کے جتنے فالوورز ہوں، ان کے ساتھ آپ کی انگیج منٹ مضبوط ہونا ضروری ہے، کیونکہ کمپنیاں اکثر اشتہاری پوسٹس کے لیے فالوورز کی تعداد کی بجائے انگیج منٹ کو دیکھتی ہیں۔
ایسا نہیں کہ ہزاروں فالوورز ہونے سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا، یقیناً ہوتا ہے مگر فالوورز کی تعداد انسٹا گرام سے کمانے کے لیے لازمی شرط نہیں۔
صارفین انسٹا گرام سے پیسے کیسے کما سکتے ہیں؟
انسٹا گرام کی جانب سے آپ کی پوسٹس پر لائیکس یا ویڈیو ویوز پر خودکار طور پر پیسے دینا شروع نہیں کیے جاتے بلکہ آپ کو اس کے لیے اقدامات کرنا ہوتے ہیں۔ انسٹا گرام سے پیسے کمانے کے متعدد ذرائع ہیں، جن میں سے کچھ کے بارے میں آپ درج ذیل میں جان سکتے ہیں۔
اسپانسر پوسٹس انسٹا گرام سے کمانے کا سب سے مقبول طریقہ ہے اور اگر آپ بطور influencer اچھے ہیں تو اس سے بہت زیادہ کما سکتے ہیں۔ یعنی آپ کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ فالوورز کو کیسے انگیج کرنا ہے اور ان کے متحرک ہونے کی شرح آپ کی آمدنی میں اضافہ کرے گی۔
Affiliate مارکیٹنگ
ہوسکتا ہے کہ آپ influencer سے زیادہ اچھے سیلز مین ہوں، تو اس سے بھی آپ میٹا کی فوٹو شیئرنگ ایپ میں پیسے کما سکتے ہیں۔
اس میں آپ Affiliate مارکیٹر کی حیثیت سے پیسے کما سکتے ہیں اور یہ کسی برانڈ ایمبیسڈر سے زیادہ آسان ہے اور اکثر تو بہت زیادہ فالوورز کی بھی ضرورت نہیں ہوتی۔
اس طریقہ کار میں صارفین کلک ایبل لنکس کے ذریعے پیسے کماتے ہیں جو ان کی پوسٹ میں بزنس پارٹنر کی جانب سے فراہم کیا جاتا ہے۔
اپنا آن لائن اسٹور اوپن کریں
انسٹا گرام پر آپ اپنی مصنوعات فروخت کرکے بھی پیسے کما سکتے ہیں۔
اپنی تصاویر فروخت کریں
کیا آپ نے کبھی اپنی تصاویر کو فروخت کرنے کے بارے میں سوچا؟ اگر آپ کی فوٹو گرافی لوگوں کو پسند آتی ہے تو پھر ایسا ضرور کیا جاسکتا ہے۔اب یہ اسٹاک امیجز ہوں یا آرٹ ورک، متعدد برانڈز انسٹا گرام مواد کے لیے پیسے ادا کرتے ہیں۔
کچھ اکاؤنٹس تو لائسنس فوٹوز کو اپنے اکاؤنٹس میں استعمال کرنے کے خواہشمند ہوتے ہیں جبکہ آپ فالوورز کو فوٹو پرنٹس بھی فروخت کرسکتے ہیں۔
انسٹا گرام بیج پروگرام
اس پروگرام میں شمولیت کے لیے آپ کو 10 ہزار سے زائد فالوورز کی ضرورت ہوتی ہے۔
اس پروگرام میں صارفین اپنے فالوورز کو بیجز فروخت کرتے ہیں۔
انسٹا گرام سبسکرپشنز
انسٹا گرام سبسکرپشنز پروگرام میں صارفین اپنے خصوصی مواد تک رسائی ماہانہ فیس کے عوض فراہم کرتے ہیں۔