میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنی آئی او ایس اور میک ایپس میں موجود ’زیرو کلک بگ‘ کو دور کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ سکیورٹی خامی مخصوص صارفین کے ایپل ڈیوائسز سے خفیہ طور پر ڈیٹا ہیک کرنے کے لیے استعمال ہو رہی تھی۔
واٹس ایپ کی جاری کردہ سکیورٹی معلومات کے مطابق اس بگ کو درست کر دیا گیا ہے۔
زیرو کلک بگ کیا ہے؟
زیرو کلک بگ کے ذریعے ہیکرز صارف کی کسی بھی کارروائی کے بغیر خفیہ طور پر اس کی ڈیوائس پر قبضہ کر لیتے اور اس کا ڈیٹا چوری کر لیتے ہیں۔
واٹس ایپ کے معاملے میں ہیکرز نے اس خامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے درجنوں مخصوص صارفین کو نشانہ بنایا۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سکیورٹی لیب کے سربراہ نے اس حملے کو ایک "انتہائی جدید جاسوسی مہم" قرار دیا ہے۔
سربراہ ایمنسٹی انٹرنیشنل سکیورٹی لیب نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران زیرو کلک بگ کے ذریعے خفیہ طور پر درجنوں صارفین کو نشانہ بنایا گیا یعنی ہیکرز نے ہیکنگ کیلئے صارفین سے نہ کوئی بات چیت کی نہ ہی ان کے ڈیٹا کو چوری کرنے کیلئے کسی لنک کو کھولنے یا فائل ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے آمادہ کیا، تاہم ٹوئٹ میں ہیکرز کے حوالے سے کوئی معلومات شیئر نہیں کی گئیں۔
اب، میٹا کی ترجمان مارگریٹا فرینکلن نے تصدیق کی ہے کہ کمپنی نے "کچھ ہفتے پہلے" اس خامی کا پتہ لگانے کے بعد اس کو فکس کر دیا ہے۔
ساتھ ہی کمپنی کی جانب سے 200 سے کم متاثرہ واٹس ایپ صارفین کو اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی بھیجی گئی۔