واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کروا دیا ہے، جس کی مدد سے اب ایک ہی تصویر میں پوسٹر یا کولیج کی طرح چھ مختلف تصاویر شیئر کی جا سکتی ہیں۔
یہ فیچر پہلے فروری 2025 میں آزمائش کے طور پر متعارف کروایا گیا تھا، مگر اب اسے تمام صارفین کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔ اب جب صارفین واٹس ایپ پر اپنا سٹیٹس یا سٹوری لگانا چاہیں گے، تو انہیں "لے آؤٹ" (Layout) کا آپشن بھی دکھائی دے گا۔
لے آؤٹ کے ذریعے صارفین 6 تصاویر کو ایک ہی فریم میں لگا کر سٹوری میں پوسٹ کر سکتے ہیں۔ ہر تصویر ایک مخصوص جگہ پر نظر آئے گی، جیسے کسی پوسٹر یا سٹیکر میں ہوتا ہے۔ صارفین چاہیں تو ایک ہی تصویر کو بار بار لگا کر بھی کولیج بنا سکتے ہیں۔
یہ تصاویر جب سٹوری میں شیئر ہوں گی تو ایک ہی فریم میں چھوٹی چھوٹی تصاویر کے طور پر نظر آئیں گی، جس سے یہ ایک نیا اور خوبصورت انداز پیش کریں گی۔
فی الحال اس فیچر کے ذریعے صرف 6 تصاویر تک ہی شیئر کی جا سکتی ہیں، لیکن مستقبل میں اس حد میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی ممکن ہے کہ آنے والے وقت میں ویڈیوز کو بھی اسی انداز میں شیئر کرنے کا آپشن دیا جائے، مگر اس بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔