ایک خاموش لیکن اہم اقدام کے تحت، اسپیس ایکس نے ایک نیا منصوبہ شروع کیا ہے جسے سٹار لنک کمیونٹی کہا جاتا ہے، جو سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی رسائی کو سستا بنانے میں مدد دے سکتا ہے کیونکہ اس کے ذریعے متعدد صارفین ایک ہی سٹار لنک ڈش کا استعمال کر سکیں گے۔
مجاز فروخت کنندگان اور کاروباری صارفین کے لیے جاری کردہ ایک مددگار صفحہ کے مطابق، اس نئے نظام میں ایک سٹار لنک، کئی صارفین کے ساتھ ممکن ہے، جہاں ہر صارف کا اپنا الگ اکاؤنٹ ہوگا اور استعمال میں آسانی رہے گی۔
اگرچہ اسپیس ایکس نے اس منصوبے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، لیکن اس کی تفصیلات اسٹار لنک کی ویب سائٹ پر موجود ہیں جہاں "کمیونٹی" منصوبے کی ماہانہ قیمت ساٹھ ڈالر رکھی گئی ہے جو موجودہ رہائشی منصوبوں کے مقابلے میں کافی کم ہے۔
یہ منصوبہ خاص طور پر ایسے علاقوں کے لیے بنایا گیا ہے جہاں انٹرنیٹ کی سہولت مہنگی ہے اور بنیادی ڈھانچے کی کمی ہے۔ یہ زیادہ تر ایسے مکانات اور دیہی علاقوں کے لیے ہے جہاں ایک ہی ڈش کئی صارفین کو انٹرنیٹ فراہم کر سکتی ہے۔
کام کرنے کا طریقہ:
روایتی نظام کے برعکس جہاں ہر صارف کے پاس اپنی ڈش ہوتی ہے، اس نظام میں کئی صارفین اپنے اپنے وائی فائی روٹر کے ذریعے ایک مشترکہ ڈش اور نیٹ ورک سے منسلک ہوں گے۔
کمیونٹی ہاٹ اسپاٹ:
اس منصوبے میں کمیونٹی ہاٹ اسپاٹ کا بھی حصہ ہے جو عارضی طور پر ایک ڈیوائس کو انٹرنیٹ فراہم کرے گا، تاہم اس کی تفصیلات ابھی مکمل طور پر واضح نہیں ہیں۔
عالمی سطح پر آغاز:
یہ منصوبہ کینیڈا کی یونیورسٹی آف وکٹوریا کے پروفیسر نے دریافت کیا ہے جو سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے ماہر ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ یہ سہولت پہلے امریکہ اور کینیڈا سے باہر دیہی یا ترقی پذیر علاقوں میں شروع کی جائے گی تاکہ وہاں انٹرنیٹ کی سہولت بہتر اور سستی ہو۔
مئی میں اسپیس ایکس نے بین الاقوامی فروخت کنندگان کو ای میلز بھیجی تھیں جن میں اس منصوبے کی جھلکیاں دی گئی تھیں۔
مددگار صفحات کے مطابق، اسپیس ایکس مقامی فروخت کنندگان پر انحصار کرے گا تاکہ اس منصوبے کی تعیناتی، صارفوں کی شمولیت اور دیکھ بھال کی جا سکے۔
ایک مددگار صفحے پر لکھا ہے کہ ہم آپ کے ساتھ مل کر آپ کی کمیونٹی کو معقول قیمت پر تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرنے کے منتظر ہیں اور ہر صارف پر کمیشن حاصل کریں گے۔
ابھی ترقی کے مراحل میں:
اگرچہ یہ منصوبہ سستی اور آسان انٹرنیٹ کی فراہمی کا وعدہ کرتا ہے، لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ کئی صارفین کے مشترکہ ڈش استعمال کرنے سے بینڈوڈتھ یا انٹرنیٹ کی رفتار پر کیا اثر پڑے گا۔
اسپیس ایکس نے ابھی اس منصوبے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا اور نہ ہی اس کے آغاز کی تاریخ دی ہے۔ ویب سائٹ پر یہ صفحہ فی الحال غیر فعال ہے اور عوامی اعلان کا انتظار ہے۔
تاہم، سٹار لنک کمیونٹی منصوبہ ان علاقوں کے لیے انٹرنیٹ کی سہولت میں ایک بڑی تبدیلی لا سکتا ہے جہاں روایتی انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں ہے۔