ایلون مسک کا بڑا یوٹرن، ایکس میں لنک پوسٹس میں ٹیکسٹ دوبارہ دکھانے کا اعلان

ایلون مسک نے ایکس میں لنک پوسٹس میں ہیڈلائن دوبارہ دکھانے کا اعلان کر دیا فائل فوٹو ایلون مسک نے ایکس میں لنک پوسٹس میں ہیڈلائن دوبارہ دکھانے کا اعلان کر دیا

ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) نے اکتوبر 2023 میں اچانک ایک تبدیلی کی تھی جس کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ویب لنک پوسٹ کے پریویو کارڈ سے ہیڈلائن یا ٹیکسٹ کو ہٹا دیا گیا تھا۔ مگر اب کمپنی نے اس تبدیلی پر یوٹرن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکس کے مالک ایلون مسک نے کہا کہ ویب لنکس کے پریویو کارڈ میں ہیڈلائن یا ٹیکسٹ دکھانے کا سلسلہ پھر شروع کیا جا رہا ہے۔

ایک ایکس پوسٹ میں ایلون مسک نے کہا کہ جلد ایک اپ ڈیٹ کی جائے گی جس کے بعد ویب لنک کے پریویو کارڈ میں تصویر کے اوپری حصے میں ہیڈلائن موجود ہوگی۔

البتہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ اپ ڈیٹ کب تک کی جا رہی ہے۔

ایلون مسک نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ انہوں نے اپنا ذہن کیوں بدلا ہے۔

خیال رہے کہ جب اکتوبر میں پریویو کارڈ سے ٹیکسٹ کو ہٹایا گیا تھا تو اس وقت ایلون مسک نے کہا تھا کہ اس سے پوسٹس زیادہ بہتر نظر آئیں گی۔

لنک پوسٹس سے ہیڈلائن ہٹانے کے فیچر پر اگست 2023 میں کام شروع ہوا تھا۔

اس موقع پر ایلون مسک نے بتایا تھا کہ ایسا ان کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے جس سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم زیادہ بہتر نظر آنے لگے گا۔

جب لنک پوسٹس سے ٹیکسٹ غائب ہوگیا تو پھر لوگوں نے پوسٹ کے کیپشن میں ہیڈ لائن لکھنا شروع کر دی تھی۔

اب پرانے پریویو کارڈ بحال کرنے سے ان صارفین کو اضافی محنت نہیں کرنا پڑے گی۔

install suchtv android app on google app store