سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے ہزاروں ٹوئٹر اکاؤنٹس کے بلیو ٹک ہٹادیے ہیں۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان ہوں یا نامور فٹ بالر لیونل میسی، بھارت کے نامور اداکار امیتابھ بچن ہوں یا نامور کرکٹر بابر اعظم یا ویرات کوہلی، ان سمیت دیگر کئی شخصیات اور اداروں کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بلیو ٹک غائب ہوگیا ہے۔
دنیائے فٹ بال کے نامور کھلاڑی کریسچیانو رونالڈو اور لیونل میسی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لاکھوں فالورز ہیں، ان کے اکاؤنٹ سے بھی بلیو ٹک ہٹا دیے گئے ہیں۔
بھارت کے نامور اداکار امیتابھ بچن اور بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے اکاؤنٹ میں بھی بلیو ٹک غائب ہوگیا ہے۔
پاکستان کے سابق وزرائے اعظم عمران خان اور نواز شریف کے اکاؤنٹ بھی ویریفائڈ نہیں رہے۔
دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی بابر اعظم اور ویرات کوہلی کے اکاؤنٹ سے بھی بلیو ٹک ہتا دیے گئے ہیں۔
بلیو ٹک ہٹائے جانے کی کیا وجہ ہے؟
ایلون مسک نے سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کے بعد 20 اپریل سے دنیا بھر سے صارفین کے اکاؤنٹس سے legacy بلیو ٹک کو ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔
ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد مفت بلیو ٹک پروگرام کو کرپٹ قرار دیتے ہوئے اکاؤنٹ کو ویری فائیڈ کرانے کا عمل ماہانہ فیس سے مشروط کر دیا تھا۔
تاہم ایلون مسک نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ اب یکم اپریل کے بجائے اب ’20 اپریل تک بلیو ٹک کو ہٹانے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔‘
اس کا مطلب ہے کہ اگر آپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ میں legacy بلیو ٹک موجود ہے تو آپ کو 20 اپریل کے بعد اسے برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو ادائیگی کرنا ہوگی۔
20 اپریل کے بعد صرف ان اکاؤنٹ میں بلیو ٹک ہوگا جنہوں نے ٹوئٹر بلیو کی سپسکرپشن حاصل کی ہوگی۔
کن شخصیات کے اکاؤنٹ میں اب بھی بلیو ٹک موجود ہے؟
امریکا کے سابق صدر باراک اوباما، گوکارہ ریحانہ اور ٹیلر سوفٹ سمیت دیگر اداکاروں کے بلیو ٹک موجود ہیں، جب اکاؤنٹ میں بلیو ٹک موجود ہیں انہوں نے سبسکرپشن فیس کے تحت یہ نشان حاصل کیا ہے۔
سبسکرپشن فیس کتنی ہے؟
ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن ہر ملک کے لیے مختلف ہے، امریکی آئی او ایس یا اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ماہانہ سبسکرپشن 11 ڈالر اور سالانہ سبسکرپشن 114.99 ڈالر جبکہ ویب صارفین کے لیے ماہانہ سبسکرپشن 8 ڈالر اور سالانہ سبسکرپشن 84 ڈالر ہوگی۔
پاکستان میں ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن فیس موبائل، ڈیسک ٹاپ اور ایپل صارفین کے لیے الگ الگ رکھی گئی ہے، پاکستان میں ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے ماہانہ فیس 2250 روپے رکھی گئی ہے جب کہ اینڈرائیڈ موبائل صارفین کے لیے ماہانہ 3100 روپے اور ایپل صارفین کے لیے 4 ہزار روپے تک ماہانہ فیس رکھی گئی ہے۔