شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ بیٹی کے رشتہ کا معاملہ، شاہد آفریدی کا اہم بیان سامنے آگیا

عالمی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد خان آفریدی اور پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی فائل فوٹو عالمی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد خان آفریدی اور پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد خان آفریدی کی بیٹی اور پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی منگنی اور رشتہ طے پا جانے سے متعلق خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد شاہد آفریدی کا بیان بھی سامنے آگیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ شاہد آفریدی کی بیٹی کی منگنی، فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی سے ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کرنے کے بعد سے کہا جارہا تھا کہ دونوں کی منگنی انجام پاچکی ہے۔

 ان افواہوں پر صارفین کی جانب سے حیرت کا اظہار کیا گیا تو کچھ کی جانب سے ایسی رپورٹس کو غلط بھی قرار دیا گیا۔

اس حوالے سے ذرائع نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کے والد نے شاہد آفریدی کی بیٹی کا رشتہ مانگا ہے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ شاہد آفریدی کے خاندان کی جانب سے بیٹی کا رشتہ قبول کرلیا گیا ہے اور جلد دونوں کی منگنی کی رسم بھی ہوگی۔

دوسری جانب شاہد آفریدی کے خاندانی ذرائع نے بتایا تھا کہ شاہد آفریدی کی بیٹی کی تعلیم ابھی مکمل نہیں ہوئی اس لیے ابھی باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کی بیٹی کی تعلیم مکمل ہونے کے بعد آئندہ 2 برس میں منگنی کا امکان ہے۔

اور اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں شاہد آفریدی نے مذکورہ معاملے پر اپنا مؤقف جاری کردیا ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کے اہلخانہ نے میری بیٹی کے رشتے کے لیے میرے خاندان سے رابطہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں خاندان رابطے میں ہیں، جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں، اگر اللہ نے چاہا تو یہ رشتہ بھی بن جائے گا۔

شاہد آفریدی نے مزید لکھا کہ میری دعائیں شاہین کے ساتھ ہیں کہ وہ میدان میں اور میدان سے باہر کامیاب ہوں۔

دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی نے شاہد آفریدی کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ 'الحمداللہ، دعاؤں کے لیے شکریہ لالہ'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ چیزوں کو سب کے لیے آسان بنائے، آپ قوم کا فخر ہیں'۔

خیال رہے کہ پاکستان کے مقبول کرکٹر شاہد آفریدی نے نادیہ شاہد سے 21 اکتوبر 2000 کو شادی کی تھی۔

شاہد اور نادیہ آفریدی کی 5 بیٹیاں ہیں، ان کے ہاں گزشتہ برس فروری میں ہی پانچویں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے عروہ رکھا تھا۔

ان کی پہلی چار بیٹیوں کے نام اقصیٰ، عنشہ، اجوا اور اسمارہ ہیں اور ان میں سے 2 بیٹیوں کی عمر 15 سال سے زائد ہے۔

عام طور پر شاہد آفریدی اپنی ذاتی زندگی یا خاندان سے متعلق زیادہ چیزیں سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کرتے تاہم ان کی بیٹیوں کے ہمراہ تصاویر یا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہتی ہیں جب کہ ان کی بیٹیاں بھی ٹی وی کے بعض پروگرامات میں شرکت کرتی رہتی ہیں۔

دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی کی عمر 20 برس ہے اور انہوں نے اپریل 2018 میں پاکستان کے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔

شاہین شاہ آفریدی نے دسمبر 2018 میں قومی ٹیم کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، وہ اپنی متاثر کن باولنگ کی وجہ سے کافی مقبول ہیں۔

حال ہی میں شاہین شاہ آفریدی نے 100 ٹی 20 وکٹس لینے والے پہلے کم عمر باؤلر بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store