کراچی کے نجی کلب میں باکسنگ مقابلے میں پنچ لگنے سے باکسر جاں بحق

باکسر محمد اسلم ٖفائل فوٹو باکسر محمد اسلم

کراچی میں ہونے والے باکسنگ کے مقابلے میں مقامی باکسر محمد اسلم پنچ لگنے سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔

کراچی کے نجی کلب میں ہونے والے باکسنگ کے مقابلے میں مرحوم باکسر محمد اسلم کا مقابلہ ولی خان سے تھا۔

مقابلے کے دوران ولی خان نے ایک پنچ مارا جس سے محمد اسلم زمین پر ڈھیر ہو گئے اور ولی کو فاتح قرار دیا گیا۔

بعدازاں مکا لگنے کے بعد رنگ میں کھڑے نہ ہونے والے اسلم کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔

باکسر محمد اسلم کا تعلق پشین سے تھا اور وہ پاکستان کے لیے کک باکسنگ مقابلوں میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔

انہیں آج ان کے آبائی علاقے پشین میں سپرد خاک کردیا گیا۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے نوجوان باکسر کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی وجہ ٹریننگ کی کمی کو قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد اسلم کو فائٹ میں چوٹ لگی کیونکہ ان کے پاس اچھی ٹریننگ نہیں تھی، پتا نہیں انہوں نے کہاں ٹریننگ کی، جم یا پھر کوئی تجربہ کار ٹرینر ہے یا نہیں ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کی کہ ہمیں ان بچوں کو سپورٹ کرنا چاہیے جس کی بدولت ہم انہیں باکسنگ سکھا کر دفاعی حکمت عملی سکھا سکتے ہیں تاکہ مستقبل میں کوئی بچہ زخمی نہ ہو سکے۔

عالمی شہرت یافتہ باکسر نے کہا کہ اچھی ٹریننگ نہ ہونے کی وجہ سے اسلم جاں بحق ہو گئے لہٰذا میں حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ ان کے پاس جو بجٹ ہے وہ براہ مہربانی باکسرز پر خرچ کریں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ باکسنگ رنگ میں کسی باکسر کی موت واقع ہوئی ہو بلکہ اس سے قبل بھی متعدد باکسرز اس طرح کے حادثات کے سبب جان گنوا چکے ہیں۔

اکتوبر 2019 میں امریکی باکسر پیٹرک ڈے فائٹ کے دوران دماغ پر لگنے والی چوٹ کے سبب چل بسے تھے۔

اس سے قبل جولائی 2019 میں ’میڈ میکس کے نام سے مشہور نوجوان روسی باکسر میکسم داداشوف فائٹ کے دوران سر پر لگنے والے مکوں سے ہلاک ہو گئے تھے۔

install suchtv android app on google app store