پاکستان کرکٹ بورڈ نے وزیراعظم ریلیف فنڈ میں بڑی رقم جمع کرادی

پاکستان کرکٹ بورڈ فائل فوٹو پاکستان کرکٹ بورڈ

کرکٹ بورڈ نے وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ 5 لاکھ 36 ہزار 500 روپے کی رقم عطیہ کی۔ یہ رقم کرونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کےلیے خرچ کی جائے گی۔

پی سی بی نے 25 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی اور پی سی بی کے ملازمین اپنی تنخواہوں میں سے ایک مخصوص حصہ فنڈ میں عطیہ کریں گے جبکہ بطور ادارہ پی سی بی نے بھی ملازمین کی جانب سے عطیہ کی جانے والی کُل رقم کے برابر امداد عطیہ کی۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ تمام سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں اور ادارے کے ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے وباء سے نمٹنے کےلیے قائم کردہ وزیراعظم کرونا وائرس ریلیف فنڈ میں فراخدلی سے عطیات دیے۔

انہوں نے کہا کہ اس عمل سے ایک بار پھر واضح ہوتا ہے کہ کرکٹ نے عملی طور پر اپنے فینز، اسپورٹرز اور فالوؤرز کی عزت، احترام اور دیکھ بھال کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک سرگرم ادارے کی حیثیت سے حکومت کے ساتھ تعاون کیا، پی سی بی نے اس وباء سے نمٹنے کےلیے عوام میں شعوری پیغامات بھی اجاگر کیے۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ وہ حکومت کی طرف سے پی سی بی کا شکریہ ادا کرتی ہیں اور انہیں امید ہے کہ اجتماعی مقاصد کے اصول میں پی سی بی ایک برانڈ کی حیثیت سے تعاون جاری رکھے گا

install suchtv android app on google app store