مکی آرتھر کا بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے راہیں جدا کرنے پر غور

مکی آرتھر فائل فوٹو مکی آرتھر

ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں نبھانے والے مکی آرتھر نے نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے روانگی کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر غیرملکی کوچنگ اسٹاف کے بعد سابق ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپنا بوریا بستر لپیٹ کر جانے کے لیے تیار ہیں۔ مکی اور بورڈ کے مابین معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے ہیں۔

امکان ہے کہ ڈربی شائر کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھانے والے مکی جلد باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے پی سی بی سے راہیں جدا کرلیں گے۔

اس سے قبل ہیڈکوچ بریڈ برن نے بھی بورڈ سے معاملات طے پانے کے بعد اپنا معاہدہ ختم کرلیا تھا اور پی سی بی کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

بیٹنگ کوچ اینڈریو پٹیک افغانستان کرکٹ بورڈ سے معاہدہ کرچکے ہیں اور پی سی بی کا حصہ نہیں ہیں جبکہ بولنگ کوچ مورنی مورکل پہلے ہی مستعفی ہوچکے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے غیرملکی کوچز کو عہدوں سے فارغ کرنے کے بعد اکیڈمی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

بھارت میں منعقدہ آئی سی سی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی نہایت مایوس کن رہی تھی جس کے بعد پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نے بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی تھی۔

install suchtv android app on google app store