ایشین گیمز: پاکستانی والی بال ٹیم نے حریف بھارت کو 0-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

پاکستانی والی بال ٹیم نے حریف بھارت کو 0-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی فائل فوٹو پاکستانی والی بال ٹیم نے حریف بھارت کو 0-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

پاکستان نے ایشین گیمز مینز والی بال کے کوارٹر فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 0-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

جاپان کے شہر اوکازاکی چُوؤ سوگو پارک جمنازیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف تینوں سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان نے پہلا سیٹ 19-25، دوسرا 23-25 اور تیسرا سیٹ 18-25 سے جیت کر میچ اپنے نام کیا۔

 پاکستان کی جانب سے مراد خان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے میچ میں سب سے زیادہ 22 پوائنٹس حاصل کیے، عثمان فریاد علی نے 9 پوائنٹس اسکور کیے۔

محمد حامد نے 8 جبکہ مصور خان نے 7 پوائنٹس کا اضافہ کیا، کپتان مراد جہان نے بھی 4 پوائنٹس حاصل کیے۔

پاکستان کا پہلے سیٹ میں جارحانہ انداز

پاکستان نے پہلے سیٹ کا آغاز ہی جارحانہ انداز میں کیا اور بھارت کو دباؤ میں رکھا۔ قومی ٹیم نے صرف 23 منٹ میں پہلا سیٹ 19-25 سے جیتا۔

پہلے سیٹ میں پاکستان کے اٹیک کی کامیابی کی شرح 70 فیصد رہی جبکہ بھارت کی اسپائیک کامیابی کی شرح 41 فیصد رہی۔

دوسرے سیٹ میں سخت مقابلہ

دوسرے سیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا اور اسکور 9-9 سے برابر رہا۔ پاکستان نے دو پوائنٹس کی برتری حاصل کی تاہم بھارت نے مقابلہ برابر کرتے ہوئے اسکور 13-13 کردیا۔

بھارت نے اس کے بعد برتری حاصل کرتے ہوئے اسکور 13-16 کردیا، لیکن پاکستان نے بھرپور انداز میں واپسی کی اور تین مسلسل پوائنٹس حاصل کرکے مقابلہ 16-16 سے برابر کردیا۔

بھارت نے ایک مرتبہ پھر 16-19 کی برتری حاصل کی، تاہم پاکستان نے دوبارہ شاندار کھیل پیش کیا اور تین پوائنٹس حاصل کرکے اسکور 19-19 سے برابر کردیا۔

اس کے بعد پاکستان نے اپنی سروس پر کنٹرول حاصل کرتے ہوئے 19-21 کی برتری بنالی۔ بھارت نے مزاحمت جاری رکھتے ہوئے اسکور 21-23 کیا، تاہم پاکستان نے سیٹ پوائنٹ 22-24 پر حاصل کرلیا۔

بھارت نے پہلا سیٹ پوائنٹ بچایا لیکن پاکستان نے اگلے موقع پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے دوسرا سیٹ 23-25 سے جیت لیا۔ یہ سیٹ 34 منٹ تک جاری رہا۔

دوسرے سیٹ میں پاکستان کی ریسپشن اور دفاعی کارکردگی بہتر رہی، جس کے باعث قومی ٹیم نے ریلیز جاری رکھیں اور بھارت کو غلطیوں پر مجبور کیا۔

تیسرے سیٹ میں پاکستان نے گرفت مضبوط رکھی

تیسرے سیٹ میں پاکستان نے ابتدا ہی سے کھیل پر گرفت مضبوط رکھی اور پہلے تین پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی۔

بھارت نے اسکور 2-3 اور پھر 4-6 تک پہنچا کر مقابلے میں واپسی کی کوشش کی تاہم پاکستان نے دوبارہ رفتار تیز کرتے ہوئے 4-8 کی برتری حاصل کرلی۔

قومی ٹیم نے اس کے بعد برتری کو 9-14 اور پھر 10-17 تک پہنچا دیا۔ پاکستان نے نیٹ اور دفاع میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو دباؤ میں رکھا۔

پاکستان نے 16-24 کی برتری کے ساتھ میچ پوائنٹ حاصل کیا۔ بھارت نے دو میچ پوائنٹس بچائے، تاہم پاکستان نے تیسرے موقع پر کوئی غلطی نہ کی اور تیسرے سیٹ کو 18-25 سے جیت کر میچ 0-3سے اپنے نام کرلیا۔ تیسرا سیٹ 25 منٹ تک جاری رہا۔

میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے نیٹ پر ایک دوسرے سے مصافحہ بھی کیا۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایشین گیمز میں مسلسل دوسری مرتبہ بھارت کو شکست دی اور بھارت کا ایونٹ میں سفر بھی ختم کردیا۔

پاکستان عالمی رینکنگ میں 39ویں جبکہ بھارت 49ویں نمبر پر ہے۔ پاکستان نے ایشین گیمز میں اس سے قبل قازقستان کو 1-3 اور ازبکستان کو 0-3 سے شکست دی تھی، جبکہ پول اے کے آخری میچ میں میزبان جاپان کے ہاتھوں 3-0 سے شکست کے بعد پاکستان نے گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

دوسری جانب بھارت ناک آؤٹ مرحلے میں ناقابل شکست پہنچا تھا۔ بھارت نے ویتنام اور ہانگ کانگ کو 0-3 سے شکست دی جبکہ قطر کے خلاف پانچ سیٹس اور تین گھنٹے جاری رہنے والے مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کرکے پول سی میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

install suchtv android app on google app store