سعودی عرب میں کھیلے گئے فیسٹول ڈبل وکٹ کرکٹ میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے دی۔
شعیب ملک اور عمران نذیر کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے عرفان پٹھان اور اسٹورٹ بنی کی ٹیم کو ہرایا۔
میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 4 اوورز میں 56 رنز اسکور کیے۔ ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 51 رنز ہی بنا سکی اور یوں فتح پاکستان کے نام رہی۔
میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان خوشگوار ماحول دیکھنے میں آیا، کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا جبکہ عرفان پٹھان اور شعیب ملک ایک دوسرے سے گلے بھی ملے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم اس سے قبل ایونٹ میں سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کو بھی شکست دے چکی ہے۔ تینوں میچز جیت کر پاکستان نے ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے