پاکستان کی آسٹریلیا کے ساتھ ٹی 20 سیریز کے پرومو میں ہینڈ شیک معاملے پر طنز

پی سی بی نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی آئندہ ہوم سیریز سے قبل ایک شاندار اشتہاری ویڈیو جاری کی ہے جس میں کیے جانے والے طنز نے بھارتیوں کو آگ بگولہ کردیا فائل فوٹو پی سی بی نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی آئندہ ہوم سیریز سے قبل ایک شاندار اشتہاری ویڈیو جاری کی ہے جس میں کیے جانے والے طنز نے بھارتیوں کو آگ بگولہ کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی آئندہ ہوم سیریز سے قبل ایک شاندار اشتہاری ویڈیو جاری کی ہے جس میں کیے جانے والے طنز نے بھارتیوں کو آگ بگولہ کردیا۔

جاری کردی پرومو کی ویڈیو میں پاکستان کی مہمان نوازی اور کرکٹ سے محبت کو دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں پاکستان کی سڑکوں کی رونق، رنگینی اور اسٹریٹ کرکٹ کلچر کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے، جبکہ آسٹریلیوی سیاحوں کو ملک کے گرمجوش اور خوش اخلاق ماحول میں خوش آمدید کہتے ہوئے دکھایا گیا۔

پی سی بی نے پرومو کے ذریعے واضح کیا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی محفوظ اور خوشگوار ماحول میں ممکن ہے۔

ویڈیو کا سب سے زیادہ دلچسپ لمحہ وہ ہے جب ویڈیو میں آسٹریلوی شخص سے ٹیکسی ڈرائیور پیسے نہیں لیتا وہ شکریہ ادا کرتا ہے لیکن ہاتھ نہیں ملاتا جس پر ٹیکسی ڈرائیور کہتا ہے کہ ہاتھ ملانا بھول گئے، لگتا ہے پڑوسیوں کے پاس بھی رکے تھے۔

یہ جملہ محض مزاح کے طور پر کہا گیا ہے، تاہم بھارت میں اس پرومو کو لے کر بڑا شور مچ گیا۔

پرومو ویڈیو میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو یہ کہتے سنا گیا کہ ویسے تو ہم مہمان نواز ہیں لیکن بات کرکٹ کی آئے تو مقابلے کے لیے تیار ہیں۔ مذکورہ ویڈیو چند ہی گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس ہونے والے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے گروپ میچ کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے مصافحہ کرنے سے انکار کیا تھا۔

باقی کھلاڑیوں نے بھی یہی رویہ اپنایا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ یہ فیصلہ پہلگام حملوں کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے باعث کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 سیریز کا آغاز 29 جنوری کو ہوگا جبکہ دوسرے اور تیسرے میچز 31 جنوری اور یکم فروری کو کھیلے جائیں گے۔ تینوں میچز لاہور میں ہوں گے۔

install suchtv android app on google app store