پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے سال 15 جولائی سے 7 اگست تک ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی، جس کی تصدیق ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے نائب صدر عظیم بسارتھ نے کردی ہے۔
ان کے مطابق یہ دورہ فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) کا حصہ ہے، جس میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔
عظیم بسارتھ کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے، جس کے باعث سیریز کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
سیریز سے قبل پاکستان ٹیم کوحالات سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ٹرائینڈاڈ میں واقع برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں چار روزہ وارم اپ میچ کھیلنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلا ٹیسٹ میچ ٹرائینڈاڈ اینڈ ٹوبیگو کے تاریخی کوئینز پارک اوول اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہوگا۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے نائب صدرکے مطابق اس سیریزکے انعقاد سے دونوں ٹیموں کوورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس کے حصول کا موقع ملے گا جبکہ شائقین کرکٹ کو بھی اعلیٰ معیار کی ٹیسٹ کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے یہ دورہ ٹیسٹ فارمیٹ میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔