قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ایشیاکپ سپر فور مرحلے میں بھارت سے شکست کی وجہ بتا دی۔
میچ کی اختتامی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ پاور پلے میں وکٹیں نہ گرنے سے میچ میں کم بیک نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ 10 اوورز میں 91 رنز بنانے کے باوجود ہدف میں 15 رنز کم بنائے لیکن 171 رنز کا ٹارگٹ بھی اچھا تھا جس کے جواب میں بھارتی بیٹرز نے پاورپلے میں میچ ہم سے چھین لیا۔
حارث رؤف اور فہیم اشرف کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگلے میچ میں ایسی ہی پرفارمنس کی امید ہے سری لنکا کیخلاف میچ میں کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے۔
یشیاکپ ٹی ٹوئنٹی کے سپرفور مرحلے کے پہلے مقابلے میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے ایک بار پھر سے پاکستانی سائیڈ کو شکست سے دوچار کردیا۔
بھارتی ٹیم نے سپرفور مرحلے کے پہلے میچ میں آسانی سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 172 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں حاصل کیا۔
لیفٹ ہینڈ اوپنر ابھیشیک شرما نے 74 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر جیت کی بنیاد رکھی، ان کے ساتھ شبمن گل 47 رنز بناکرنمایاں رہے۔
بھارت کی جانب سے تلک ورما نے بھی ذمہ دارانہ 30 رنز بنائے جبکہ سنجو سیمسن نے 13 رنز بنائے، کپتان سوریا کمار یادیو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2 بھارتی بیٹرز کو آؤٹ کیا جبکہ فہیم اشرف اور ابرار احمد ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے، ابھیشیک شرما کو انکی جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.
اے آر وائی نیوز کے ’شو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ ہم نے بیٹنگ تو لمبی کردی اب سمجھ نہیں آرہا بالنگ کس سے کرانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حسین طلعت کا قصور نہیں، کپتان اور کوچ کو ہوم ورک کرنا چاہیے تھا حسین طلعت کی جگہ کس کو بھیجنا تھا کپتان اور کوچ کو دیکھنا تھا جس طرح ہم شروع میں کھیلے 200 رنز ہونے چاہیے تھے۔
سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ بھارت نے پاور پلے میں ہی میچ کو اپنے حق میں کر دیا ہم نے پاور پلے میں سارے بالر استعمال کر لیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی بیٹنگ پلان میں کامیاب جا رہا ہے، حسین طلعت کی جگہ کس کو بھیجنا تھا یہ ہیڈکوچ کا فیصلہ ہونا چاہیےتھا۔