ٹی20 ورلڈکپ 2026 کا شیڈول جاری

ٹی20 ورلڈکپ فائل فوٹو ٹی20 ورلڈکپ

بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ 2026 ممکنہ طور پر 7 فروری سے 8 مارچ تک منعقد ہوگا۔

سری لنکا نے آخری بار 2012 میں مینز ٹی20 ورلڈکپ کی میزبانی کی تھی جب کہ 2016 کا ٹی20 ورلڈکپ بھارت میں منعقد ہوا تھا۔
اگلے سال ہونے والا ٹی20 ورلڈکپ 7 فروری سے 8 مارچ کے درمیان کھیلے جانے کا امکان ہے، اس ٹورنامنٹ میں 20 ٹیمیں شامل ہوں گی اور یہ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔

ٹی20 ورلڈکپ کے میچز بھارت میں 5 اور سری لنکا میں 2 مقامات پر ہوں گے جب کہ فائنل احمد آباد یا کولمبو میں کھیلا جائے گا جس کا فیصلہ پاکستان کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ بھارت نے رواں سال پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 2028 تک ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق ہوا ہے جس کے تحت کسی بھی آئی سی سی ایونٹس میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ملک سفر کرنے کے بجائے کسی نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے۔

اگرچہ آئی سی سی ابھی شیڈول کو حتمی شکل دے رہی ہے، لیکن ای ایس پی این کرک انفو کو معلوم ہوا ہے کہ اس نے ٹورنامنٹ کے لیے وقت کا تعین کر لیا ہے اور شریک ممالک کو اطلاع دے دی گئی ہے۔

اب تک 15 ٹیمیں 2026 کے مینز ٹی20 ورلڈکپ کے لیے کنفرم ہو چکی ہیں، بھارت، سری لنکا، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکا، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، پاکستان، آئرلینڈ، کینیڈا، نیدرلینڈز اور اٹلی (پہلی بار کسی بھی ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے)۔

علاوہ ازیں، باقی 5 ٹیموں میں سے 2 افریقہ ریجنل کوالیفائر سے اور 3 ایشیا و ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائر سے آئیں گی۔

ٹی 20 ورلڈکپ 2026 کا فارمیٹ ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ہونے والے مینز ٹی20 ورلڈکپ 2024 جیسا ہی ہوگا، جہاں 20 ٹیموں کو 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا اور ہر گروپ میں 5 ٹیمیں شامل ہوں گی۔

ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں سپر-8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گے، سپر-8 میں 8 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، یعنی ہر گروپ میں 4،4 ٹیمیں ہوں گی اور پھر ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔

install suchtv android app on google app store