ویرات کوہلی کا پاکستان آنے سے متعلق بڑا بیان آگیا

 ویرات کوہلی فائل فوٹو ویرات کوہلی

پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف کی بھارتی بلے باز ویرات کوہلی سے گفتگو کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔ 

2022 میں ہونے والی گفتگو کی ویڈیو شہروز کاشف نے گزشتہ شب سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میںویرات کوہلی کی صرف آواز سنی جاسکتی ہے۔

شہروز سے گفتگو میں ویرات کوہلی نے پاکستان آنے کی امید کا اظہار کیا اور کہا کہ اب کرکٹ کی ٹیمیں آنے لگی ہیں، امید ہے ہم بھی جلد آئیں گے۔

کوہ پیما شہروز نے بتایا کہ ویرات کوہلی سے ویڈیو کال پر گفتگو 2022 میں ہوئی تھی، نیپال میں ایک بھارتی شہری سے ملا جس نے کہا وہ میرا فین ہے، بھارتی شہری نے اپنا تعارف کرایا اور بھارتی کرکٹ ٹیم سے تعلق کا بتایا۔

شہروز کاشف نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کا سن کر میں نے کوہلی سے بات کی خواہش ظاہر کی تھی، بھارتی شہری نے میری خبروں کے لنک کوہلی کو بھیجے اور بات کی درخواست کی، کوہلی سے بات کرکے مجھے بہت اچھا لگا تھا۔

پاکستانی کوہ پیما نے اپنی ویڈیو میں بھارتی شہری کی شکل چھپائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جس بھارتی شہری نے میری بات کرائی وہ انڈین ٹیم کا فزیکل ٹرینر تھا ، میں سمجھتا ہوں پاکستان میں کوہلی کا مجھ سے بڑا فین نہیں، امید ہے کوہلی جلد پاکستان آئیں گے۔

شہروز نے بتایا کہ کوہلی سے گفتگو کی ابتدا پنجابی زبان میں ہوئی اور بھارتی بیٹر بڑی شاندار پنجابی بول رہے تھے۔

کوہلی کی شہروز کاشف سے بات کس نے کروائی؟

ذرائع کے مطابق ویرات کوہلی سے شہروز کاشف کی گفتگو سوہم دیسائی نے کروائی ، سوہم دیسائی انڈین کرکٹ ٹیم کے اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ہیں۔

شہروز کاشف نے ویڈیو پیغام میں یہ بھی کہا کہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ یہ ویڈیو آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ہے اور ویرات کوہلی کی آواز جعلی ہے لیکن ایسا نہیں ہے۔

install suchtv android app on google app store