ویو رچرڈز نے کس پاکستانی کھلاڑی کو شاندار کرکٹر قرار دیا؟

ویسٹ انڈین لیجنڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویوین ریچرڈز فائل فوٹو ویسٹ انڈین لیجنڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویوین ریچرڈز

ویسٹ انڈین لیجنڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویوین ریچرڈز نے کہا ہے کہ بابر اعظم نہ صرف پاکستان بلکہ ورلڈ کرکٹ کا ایک شاندار کھلاڑی ہے۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سر ویوین رچرڈز کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ ہر سال پہلے سے بہتر ہورہی ہے۔ پی ایس ایل میں دنیا کے کوالٹی پلیئرز شریک ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بےپناہ اور ناقابلِ یقین ٹیلنٹ موجود ہے، پی ایس ایل کا ہونا ان پلیئرز کو بہت بڑا موقع فراہم کرتا ہے۔

ویو رچرڈز کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں کامیابی پر نوجوان پلیئرز کو دنیا بھر میں موقع ملتا ہے، پی ایس ایل نے نوجوان کرکٹرز کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور نے کہا کہ کرکٹ میں کامیابی کی بنیاد محنت ہے، ناکامی سے نکل کر دوبارہ پرفارم کرنے میں محنت ہی مدد کرتی ہے۔

نوجوان بلے باز خواجہ نافع کے بارے میں بات کرتے ہوئے سر ویو رچرڈز نے کہا کہ خواجہ نافع نڈر ہو کر اپنی کرکٹ کھیلتا ہے۔ اس عمر میں خواجہ نافع کا ٹیلنٹ دیکھ کر محسوس ہوتا ہے وہ بہت آگے جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرفراز احمد جو کرتا ہے اس سے جذباتی وابستہ ہوجاتا ہے، سرفراز کا میں ہمیشہ سے فین ہوں۔ سرفراز احمد ٹیم میں کافی مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔

بابر اعظم کے بارے میں بات کرتے ہوئے سر ویو رچرڈز نے کہا کہ بابر اعظم خود ایک کلاس بیٹر ہیں۔ وہ دیگر بیٹرز کی طرح جارح نہیں لیکن پھر بھی اپنا کام پورا کرتے ہیں۔

ویو رچرڈز کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نہ صرف پاکستان بلکہ ورلڈ کرکٹ کا ایک شاندار کھلاڑی ہے۔ ہر بیٹر کا کھیلنے کا اپنا اسٹائل ہوتا ہے، بابر اعظم کا کھیل دیکھ کر اسکی تعریف بنتی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ چیمپئن کی پیشگوئی کرتے ہوئے ویو رچرڈز کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان سے محبت ہے لیکن لگتا ہے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کا زیادہ چانس ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی آسٹریلیا میں ٹیسٹ فتح دیکھ کر مجھے اپنا زمانہ یاد آگیا تھا، اگر آپ ٹیسٹ کرکٹ میں پکے ہوجاتے ہیں تو باقی فارمیٹ آسان لگتے ہیں۔

سر ویو رچرڈز نے کہا کہ مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز کے دوران پلیئرز کیلئے آرام ضروری ہے۔ جب زیادہ کرکٹ ہوتی ہے تو پلیئرز تھکاوٹ کا شکار ہوسکتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store