پیرس اولمپکس کوالیفائر میں پاکستان ہاکی ٹیم کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نامزد صدر طارق بگٹی اور سابق صدر خالد کھوکھر کے درمیان رسہ کشی کی وجہ سے قومی ٹیم پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا۔
پیرس اولمپکس کیلئے کوالیفائرز کا آغاز عمان کے دارالحکومت مسقط میں 15 جنوری سے شیڈول ہے، جس کیلئے ٹیم کی روانگی 12 جنوری کو متوقع ہے۔
فیڈریشن کے معاملات نامزد صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی نے سنبھال لیے ہیں جبکہ ان کی نامزدگی کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی تائید حاصل نہیں۔
دوسری جانب مستعفی ہونے سے انکار خالد سجاد کھوکھر کا موقف ہے کہ آئینی طور پر وہ ہی تاحال فیڈریشن کے صدر ہیں، طارق بگٹی کا پی ایچ ایف سے کوئی تعلق نہیں۔ خالد کھوکھر نے طارق بگٹی کی نامزدگی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کے ساتھ اتوار کو لاہور میں پی ایچ ایف کانگریس کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔
طارق بگٹی نے نامزدگی کے بعد خالد سجاد کھوکھر کی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کو ختم کرکے نئے لوگوں کی تقرری کررکھی ہے۔ طارق بگٹی نے خالد کھوکھر، اختر رسول، قاسم ضیا کے ساتھ سابق سیکرٹری شہباز سینئر، آصف باجوہ اور رانا مجاہد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کے ساتھ مالی بے ضابطگیوں کا حساب لینے کے خطوط بھی لکھے ہیں۔