آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے دوران میلبرن اسٹارز کے فاسٹ بولر حارث رؤف بغیر پیڈ کے ہی بیٹنگ کرنے گراؤنڈ میں آ گئے۔
آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ کے 13 ویں ایڈیشن کے دوران یہ عجیب واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک موقع پر سڈنی تھنڈرز کے خلاف میلبرن اسٹارز نے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 172 رنز بنا لیے تھے۔
ایک ہی اوور میں میلبرن اسٹارز کی یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے باعث گیارہویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے حارث رؤف کو بالکل بھی تیار ہونے کا موقع نہ ملا اور وہ ٹائمڈ آؤٹ ہونے سے بچنے کے لیے بغیر پیڈ پہنے، گلووز اور ہیلمٹ ہاتھ میں لیے وکٹ پر پہنچ گئے۔
تاہم حارث رؤف خوش قسمت تھے کہ وہ جب بیٹنگ کے لیے آئے تو پہلی اننگز کی آخری گیند تھی اور انہیں نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑا ہونا تھا جس کے باعث انہیں کسی گیند کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
حارث رؤف کی بغیر پیڈ پہنے بیٹنگ کے لیے گراؤنڈ میں آنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی بہت زیادہ وائرل ہو رہی ہے اور اس پر صارفین دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
بگ بیش لیگ کے آفیشل سوشل میڈیا پیچ کی جانب سے بھی یہ دلچسپ ویڈیو شیئر کی گئی ہے جبکہ میلبرن اسٹارز کی جانب سے حارث رؤف کی بغیر پیڈ کے گراؤنڈ میں کھڑے ہونے کی تصویر شیئر کی گئی ہے۔
No pads on for Haris ?#BBL13 pic.twitter.com/EZYbsnPYqy
— Melbourne Stars (@StarsBBL) December 23, 2023
خیال رہے کہ اکتوبر نومبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کے دوران سری لنکا اور بنگلا دیش کے میچ میں سری لنکا کے اینجلو میتھیوز کو کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ٹائمڈ آؤٹ قرار دیا تھا کیونکہ وہ مقررہ وقت پر وکٹ نہیں پہنچ سکے تھے۔