قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نےکہا ہےکہ بابر اعظم کو ہی دورہ آسٹریلیا پر ٹیم کی قیادت کرنی چاہیے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس فیصلہ کرنےکا وقت ہے، مجھے اس ٹیم سے کافی امید تھی، ہم نے اسکلز کے مطابق پرفارم نہیں کیا، ورلڈکپ کے بعد اس طرح کا ماحول ہوتا ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ آپ کو گراس روٹ پر کرکٹ پر کام کرنےکی ضرورت ہے، بابراعظم کو ہی آسٹریلیا کے ٹور پر قیادت کرنی چاہیے، بڑے ایونٹ میں آپ کو دباؤ لینا ہوتا ہے، آپ اتنی غلطیاں کریں گے تو پھر آپ نہیں جیت سکتے۔
سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف کا کہنا تھا کہ ہم نے کافی وقت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر توجہ دی ہے، ہم نے ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹ کم کھیلی۔
راشد لطیف کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں ہمارے فاسٹ بولرز نے اچھی بولنگ نہیں کی، اسپنرز اگر اچھے ہوتے تو نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا،صرف کھلاڑیوں سے نہیں بلکہ کھلانے والوں سے بھی سوال ہونا چاہیے۔