کرکٹ کی 150 سالہ تاریخ میں متنازع ٹائمڈ آؤٹ ہونے والے پہلے کرکٹر انجیلو میتھیوز نے اپنے موقف کی تائید کے لیے ویڈیو ثبوت پیش کر دیے۔
بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں دو روز قبل سری لنکا اور بنگلہ دیش کےدرمیان کھیلا جانے والا میچ نیا تنازع سامنے لے آیا۔ اس میچ میں سری لنکن آل راؤنڈر انجیلو میتھیوز کو بنگلہ کپتان شکیب الحسن کی اپیل پر امپائر نے ٹائمڈ آؤٹ قرار دیا یوں وہ کرکٹ کی لگ بھگ ڈیڑھ صدی طویل تاریخ میں بغیر کوئی گیند کھیلے وقت ضائع کرنے پر آؤٹ ہونے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔
شکیب الحسن کے اس اقدام پر جہاں انہیں دنیا بھر کے کرکٹرز کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے وہیں انجیلو میتھیوز بھی یہ کہتے رہے کہ وہ مقررہ وقت تک کریز پر آ چکے تھے اسی دوران ان کے ہیلمٹ کا پٹہ ٹوٹ گیا۔ اس لیے انہیں غلط آؤٹ دیا گیا۔
اب سری لنکن آل راؤنڈر نے اپنے موقف کی تائید میں ویڈیو ثبوت بھی پیس کر دیا ہے اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر یہ ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے اپنا معاملہ عوام کی عدالت میں رکھ دیا ہے۔
ایکس پلیٹ فارم پر موجود 52 سیکنڈز کی مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سر ی لنکا کی جانب سے پانچویں پوزیشن پر بیٹنگ کرنے والے کھلاڑی سمارا ویریا وکرما کی وکٹ گرنے پر انجیلو میتھیوز اپنے مقررہ وقت یعنی 1 منٹ 50 سیکنڈ پر پچ پر آ کر بلا سنبھالتے ہوئے نظر آئے۔
تاہم اگلے ہی لمحے ان کے ہیلمٹ کا اسٹریپ ٹوٹ جاتا ہے جس پر وہ وقت مانگ کر ساتھی کھلاڑی کو ہیلمٹ لانے کا کہتے ہیں۔
سری لنکن کھلاڑی نے مذکورہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ میں اپنا معاملہ آپ (عوام) پر چھوڑتا ہوں، آپ دیکھیں اور فیصلہ کریں۔
اس کے ساتھ ہی میتھیوز نے ویڈیو کا اسکرین شاٹ کی تصویر بھی سوشل میڈیا سائٹ پر شیئر کی ہے جس پر لکھا کہ جس وقت کیچ گرا اور وہ وقت جب ہیلمٹ کا پٹہ ٹوٹا۔
I rest my case! Here you go you decide ?? pic.twitter.com/AUT0FGffqV
— Angelo Mathews (@Angelo69Mathews) November 7, 2023
اس میچ میں متنازع انداز میں وکٹ گنوانے کے بعد پریس کانفرس میں انجیلو میتھیوز نے بنگلادیشی کپتان سمیت کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 15 سالہ کرکٹ کیرئیر میں کبھی کسی ٹیم کو اتنا نیچے گرتا نہیں دیکھا، یہ ایک شرمناک حرکت تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ: اینجلو میتھیوز ’’ٹائم آؤٹ‘‘ پر وکٹ گنوانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے
دوسری جانب بنگلا دیشی کپتان کا کہنا تھا کہ یہ آئی سی سی کا قانون ہے، انہیں ایسے آؤٹ کرنے پر مجھے کوئی افسوس نہیں کیونکہ اس سے ٹیم کی جیت میں مدد ملی۔